مراٹھا ریزرویشن پر حکومت کے فیصلے کی مخالفت میں او بی سی عوام سڑکوں پر اتریں گے

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 03-09-2025
مراٹھا ریزرویشن پر حکومت کے فیصلے کی مخالفت میں او بی سی عوام سڑکوں پر اتریں گے
مراٹھا ریزرویشن پر حکومت کے فیصلے کی مخالفت میں او بی سی عوام سڑکوں پر اتریں گے

 



ممبئی: دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) کے کارکن لکشمن ہاکے نے دعویٰ کیا ہے کہ مہاراشٹر حکومت کو مراٹھوں کو ’’کنبی‘‘ ذات کا سرٹیفکیٹ دینے کا کوئی حق نہیں ہے۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ او بی سی برادری اس فیصلے کے خلاف سڑکوں پر اترے گی۔ ہاکے طویل عرصے سے او بی سی گروپ کے تحت مراٹھوں کو ریزرویشن دیے جانے کی مخالفت کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی قائدین کو یہ صاف کرنا چاہیے کہ کیا وہ او بی سی ریزرویشن میں کٹوتی چاہتے ہیں۔ انہوں نے پہلے بھی کارکن منوج جرانگے کی اس مانگ کے خلاف تحریک چلائی تھی کہ مراٹھوں کو او بی سی زمرے میں ریزرویشن دیا جائے۔ دیوےندر فڈنویس حکومت نے جب اہل مراٹھوں کو ’’کنبی‘‘ ذات کا سرٹیفکیٹ دینے سمیت زیادہ تر مطالبات تسلیم کر لیے تو ریزرویشن کارکن منوج جرانگے نے منگل کی شام ممبئی میں اپنا پانچ روزہ انشن ختم کر دیا۔

مہاراشٹر حکومت نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو مراٹھا برادری کے ان افراد کو کنبی ذات کا سرٹیفکیٹ فراہم کرے گی جن کے پاس اپنی کنبی وراثت کے تاریخی شواہد ہوں۔ کنبی ریاست میں ایک روایتی کسان برادری ہے اور انہیں او بی سی زمرے میں شامل کر کے ملازمتوں اور تعلیم میں ریزرویشن دیا گیا ہے۔

سماجی انصاف اور خصوصی امداد کے محکمے کی جانب سے جاری سرکاری حکم نامے (جی آر) میں حیدرآباد گزٹ کو بھی نافذ کرنے کا ذکر ہے۔ ہاکے نے اس فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ریزرویشن کے حوالے سے اس طرح کا جی آر جاری کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ گزٹ میں کہیں یہ نہیں لکھا ہے کہ مراٹھا سماجی طور پر پسماندہ ہیں اور انہیں ریزرویشن دیا جانا چاہیے۔

کارکن نے سوال اٹھایا، ’’کون کہتا ہے کہ گزٹ میں درج ریونیو ریکارڈ انہیں ریزرویشن کا اہل بناتے ہیں؟‘‘ انہوں نے مزید کہا، حیدرآباد گزٹ میں بنجارہ کو درج فہرست قبائل (ایس ٹی) بتایا گیا ہے۔ تو کیا حکومت بَنجاروں کو ایس ٹی کا ریزرویشن دے گی؟ حکومت کو ایک مسئلہ حل کرنے کے لیے دس نئے مسئلے پیدا نہیں کرنے چاہییں۔ او بی سی اور وی جے این ٹی (وِمُکت ذاتیں اور خانہ بدوش قبائل) اب سڑکوں پر اتریں گے۔ ہاکے نے یہ بھی کہا کہ قائدین کو یہ صاف کرنا ہوگا کہ کیا وہ او بی سی ریزرویشن میں کمی کے لیے تیار ہیں۔