ماسکو: قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال نے ماسکو میں روس کے پہلے نائب وزیرِاعظم ڈینس مانتوروف سے دو طرفہ فوجی و تکنیکی تعلقات اور اسٹریٹجک شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے نفاذ پر بات چیت کی۔
ڈوبھال اس وقت روس کے دورے پر ہیں، جہاں وہ توانائی اور دفاعی تعلقات پر اہم مذاکرات کے ساتھ ساتھ رواں سال کے آخر میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے دورۂ بھارت کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔روسی سفارتخانے کے مطابق، مسٹر ڈوبھال اور مانتوروف کی ملاقات جمعہ (8 اگست 2025) کو ہوئی۔
سفارت خانے نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ مذاکرات میں ’’روس-بھارت فوجی و تکنیکی تعاون سے متعلق اہم امور کے علاوہ دیگر اسٹریٹجک شعبوں میں مشترکہ منصوبوں، بشمول شہری ہوائی جہاز سازی، میٹالرجی، اور کیمیکل صنعت، پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
جمعرات (7 اگست 2025) کو ڈوبھال نے کریملن میں صدر پوتن سے بھی ملاقات کی، جہاں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعاون پر بات ہوئی۔ اس موقع پر انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بھارت بیرونی دباؤ کے باوجود روس کے ساتھ ہر محاذ پر تعاون جاری رکھے گا۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی تیل خریدنے پر بھارت کو ’سزا‘ دیتے ہوئے بھارتی اشیا پر مزید 25 فیصد محصولات عائد کر دیے ہیں، جس سے مجموعی شرح 50 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ذرائع کے مطابق، اجیت ڈوبھال نے وزیرِاعظم نریندر مودی کی جانب سے صدر پوتن کو بھارت کے دورے کی دعوت دی، جو انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کر لی۔