اوسلو:ہفتے کو ناروے اور اسرائیل کے درمیان ہونے والے ورلڈ کپ کوالیفائنگ میچ سے پہلے فلسطین کے حامی مظاہرین نے اوسلو کے اولیوال اسٹیڈیم تک مارچ کیا، مشعلیں جلائیں اور جھنڈے لہرائے۔ یہ یکطرفہ میچ ناروے نے ایرلنگ ہالینڈ کی ہیٹ ٹرک کی بدولت 5-0 سے جیت لیا۔
ہالینڈ اب تک ناروے کے لیے 46 میچوں میں 51 گول کر چکے ہیں۔ سرکاری نشریاتی ادارے NRK کے مطابق، تقریباً 1,000 مظاہرین اسٹیڈیم کے باہر جمع ہوئے۔ یہ ایک پُرامن مارچ تھا جس میں مظاہرین نے غزہ میں جاری جنگ کے خلاف بینرز اٹھا رکھے تھے۔
اسٹیڈیم کے قریب پولیس نے حفاظتی گھیرا قائم کیا تھا، اور مظاہرین اس کے قریب ہی لیکن کچھ فاصلے پر کھڑے رہے۔ کچھ افراد "سفارتخانہ بند کرو" کے نعرے لگا رہے تھے، جبکہ کئی مظاہرین نے سرخ کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ ایک خاتون نے ایک چھوٹا سا بورڈ تھام رکھا تھا جس پر لکھا تھا: "گیم اوور اسرائیل"۔ میچ کے آغاز کے بعد بھی کچھ مظاہرین اسٹیڈیم کے باہر احتجاج کرتے رہے۔
اسٹیڈیم تقریباً مکمل بھرا ہوا تھا، جس میں 22,000 سے 23,000 شائقین موجود تھے۔ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر 3,000 نشستوں کو خالی رکھا گیا تھا۔ خاص طور پر اگلی قطار اور اسرائیلی شائقین کے قریب کی نشستیں خالی رکھی گئیں۔ میچ کے آغاز پر اسٹیڈیم کے اندر فلسطین کا جھنڈا لہرایا گیا۔ ساتھ ہی ایک بینر بھی دکھایا گیا جس پر لکھا تھا: "بچوں کو جینے دو"۔
کچھ شائقین نے اسرائیلی قومی ترانے کے دوران ہوٹنگ کی، اور کئی نے سرخ کارڈ دکھائے۔ پہلے ہاف کے دوران "فری غزہ" کی تحریر والی ٹی شرٹ پہنے ایک شخص میدان میں گھس آیا۔ اس سے پہلے، فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے جمعہ کے روز اسرائیل اور حماس کے درمیان امن کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیل کے کوالیفائنگ میچز سے قبل امن برقرار رکھا جائے۔ اسرائیل کا اگلا میچ منگل کو اٹلی کے شہر اُدینے میں ہوگا۔