نوبیل امن انعام: ٹرمپ کو ایوارڈ نہ ملنے پر کمیٹی کا دوٹوک موقف سامنے آگیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 11-10-2025
نوبیل امن انعام: ٹرمپ کو ایوارڈ نہ ملنے پر کمیٹی کا دوٹوک موقف سامنے آگیا
نوبیل امن انعام: ٹرمپ کو ایوارڈ نہ ملنے پر کمیٹی کا دوٹوک موقف سامنے آگیا

 



واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبیل امن انعام نہ دیے جانے پر وائٹ ہاؤس کی جانب سے نوبیل انعام برائے امن کمیٹی پر تنقید کے بعد کمیٹی نے اپنا واضح موقف جاری کر دیا ہے۔

نوبیل امن انعام کے اعلان کے بعد جب کمیٹی کے چیئرمین سے صدر ٹرمپ کے بارہا نوبیل انعام کے دعوے اور اسے نہ ملنے کی صورت میں امریکا کی "توہین" قرار دینے کے بیان پر سوال کیا گیا، تو چیئرمین نے دوٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ نوبیل امن انعام کمیٹی کسی قسم کے سیاسی دباؤ یا مہم سے متاثر نہیں ہوتی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ایوارڈ صرف ان افراد یا اداروں کو دیا جاتا ہے جنہوں نے حقیقی معنوں میں امن کے لیے قابلِ ذکر اور دیرپا کام کیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ نوبیل انعام کی طویل تاریخ میں کمیٹی نے مختلف ادوار میں بے شمار مہمات اور میڈیا کی توجہ کا سامنا کیا ہے، اور ہر سال ہزاروں لوگ خطوط لکھ کر یہ بتاتے ہیں کہ ان کے خیال میں امن کیا ہے اور کن افراد کو یہ انعام دیا جانا چاہیے۔

چیئرمین نے مزید کہا کہ وہ کمرہ جہاں کمیٹی فیصلے کرتی ہے، نوبیل امن انعام حاصل کرنے والے شخصیات کی تصاویر سے سجا ہوا ہے۔ یہ کمرہ ہمارے لیے دیانت داری اور حوصلے کی علامت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کمیٹی اپنے تمام فیصلے ایلفریڈ نوبیل کی وصیت اور امن کے لیے کیے گئے حقیقی، عملی کام کی بنیاد پر ہی کرتی ہے، نہ کہ کسی دعوے یا سیاسی دباؤ پر۔