واشنگٹن :امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے واضح کیا ہے کہ امریکہ کی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کی کوئی منصوبہ بندی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ وہ آج برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لامی سے ملاقات کے دوران زیرِ بحث لائیں گے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا، "ہمارے پاس فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں۔ فعال حکومت کی عدم موجودگی میں یہ سمجھنا مشکل ہے کہ تسلیم کرنے کا مطلب کیا ہوگا۔"
انہوں نے مزید کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ مشرقِ وسطیٰ میں اپنے اہداف اور ترجیحات کے بارے میں بالکل واضح ہیں اور ان پر عمل جاری رکھیں گے۔نائب صدر کی برطانوی وزیر خارجہ سے ملاقات چیوننگ ہاؤس میں ہوگی، جو جنوبی انگلینڈ میں وزیر خارجہ کی دیہی رہائش گاہ ہے۔ یہ ملاقات ان کے اہل خانہ کے ساتھ برطانیہ کے دورے کے آغاز پر طے کی گئی ہے۔
عالمی سطح پر فلسطین کی حمایت
اقوام متحدہ کے 193 رکن ممالک میں سے تقریباً 144 فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کر چکے ہیں، جن میں زیادہ تر ترقی پذیر ممالک کے ساتھ روس، چین اور بھارت بھی شامل ہیں۔ تاہم یورپی یونین کے 27 میں سے صرف چند رکن ممالک — زیادہ تر سابق کمیونسٹ ریاستیں، سویڈن اور قبرص — اس تسلیم میں شامل ہیں۔
گزشتہ ماہ جولائی میں فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکروں نے فلسطینی صدر محمود عباس کو خط لکھ کر اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ فرانس فلسطین کو تسلیم کرنے کے لیے اقدامات کرے گا اور دیگر شراکت داروں کو بھی اس کے لیے قائل کرے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اگلے ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اس فیصلے کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔فرانس کا یہ اقدام اسے مؤقف بدلنے والی پہلی بڑی مغربی طاقت بنا دے گا۔ اس سے قبل گزشتہ سال اسپین، آئرلینڈ اور ناروے فلسطین کو باضابطہ طور پر تسلیم کر چکے ہیں۔