کسی ملک نے ساتھ نہیں دیا، ٹرمپ کا اتحادی ممالک پر اظہارِ برہمی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 17-03-2026
کسی ملک نے ساتھ نہیں دیا، ٹرمپ کا اتحادی ممالک پر اظہارِ برہمی
کسی ملک نے ساتھ نہیں دیا، ٹرمپ کا اتحادی ممالک پر اظہارِ برہمی

 



واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے اتحادی ممالک پر سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ کے دوران آبنائے ہرمز کو دوبارہ محفوظ اور کھلا رکھنے کے لیے انہوں نے کئی ممالک سے جنگی بحری جہاز بھیجنے کی اپیل کی، لیکن زیادہ تر ممالک نے انکار کر دیا۔

انہوں نے کہا، ہمیں کسی کی ضرورت نہیں۔ ہم دنیا کی سب سے مضبوط قوم ہیں اور ہماری فوج سب سے طاقتور ہے۔ ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے تقریباً سات ممالک سے رابطہ کیا اور ان سے کہا کہ وہ جنگی جہاز بھیجیں تاکہ تیل بردار جہاز محفوظ طریقے سے گزر سکیں، لیکن جرمنی، اسپین اور اٹلی جیسے ممالک نے صاف انکار کر دیا۔

برطانیہ نے بھی ابتدا میں دو ایئرکرافٹ کیریئر دینے سے انکار کیا تھا، بعد میں جنگ ختم ہونے کے بعد پیشکش کی، جسے ٹرمپ نے مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا، ’’میں بعض اوقات جان بوجھ کر ایسا کرتا ہوں تاکہ دیکھوں وہ کیسے ردِعمل دیتے ہیں۔ میں برسوں سے کہتا آیا ہوں کہ اگر ہمیں کبھی ان کی ضرورت پڑی تو وہ نہیں آئیں گے۔

انہوں نے نیٹو پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر اتحادی مدد نہیں کریں گے تو نیٹو کا مستقبل ’’بہت خراب‘‘ ہوگا۔ برطانیہ کے رویے پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شروع میں مدد نہیں کی، لیکن جنگ ختم ہونے کے بعد پیشکش کی، ’’میں نے کہا، جنگ ختم ہونے کے بعد مجھے کیریئر کی ضرورت نہیں۔ آبنائے ہرمز دنیا کی سب سے اہم تیل گزرگاہ ہے، جہاں سے تقریباً 20 فیصد عالمی تیل گزرتا ہے۔

ایران نے جنگ شروع ہونے کے بعد اسے بند کر دیا ہے۔ ایران نے 15 سے زائد جہازوں پر حملے کیے ہیں، جس کے باعث تیل بردار جہازوں کی آمد و رفت تقریباً رک گئی ہے۔ ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ آبنائے بند رہے گی۔ ایرانی فوج نے خبردار کیا ہے کہ تیل کی قیمتیں 200 ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہیں۔ ٹرمپ نے پہلے کہا تھا کہ جنگ جلد ختم ہو جائے گی، لیکن اس ہفتے نہیں۔ اب وہ اتحادی ممالک پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اکیلا ہی اپنی بحریہ کے ذریعے جہازوں کو سکیورٹی فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ممالک سے بات چیت جاری ہے، لیکن زیادہ تر ممالک ’’کم دلچسپی‘‘ دکھا رہے ہیں۔ ٹرمپ نے کہا، ’’میں ان پر زیادہ دباؤ نہیں ڈالتا، کیونکہ میرا مؤقف ہے کہ ہمیں کسی کی ضرورت نہیں۔ یہ تنازع 28 فروری 2026 کو شروع ہوا، جب امریکہ اور اسرائیل نے مل کر ایران پر بڑا حملہ کیا جسے ’’آپریشن ایپک فیوری‘‘ کا نام دیا گیا۔

اس حملے میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور کئی اعلیٰ حکام مارے گئے۔ اس کے جواب میں ایران نے اسرائیل اور امریکی اڈوں پر میزائل اور ڈرون حملے کیے، جس کے نتیجے میں یہ جنگ پورے مشرقِ وسطیٰ میں پھیل گئی۔