میڈوگوری (نائجیریا): دہشت گرد تنظیم بوکو حرام کے شدت پسندوں نے شمال مشرقی نائجیریا کے ایک گاؤں پر رات کے وقت حملہ کر کے کم از کم 60 افراد کو ہلاک کر دیا۔
مقامی افراد اور حکام نے اس کی تصدیق کی ہے۔ یہ حملہ "دارالجمال" نامی گاؤں میں ہوا، اور وہاں کے رہائشی محمد باباگانا نے "ایسوسی ایٹڈ پریس" کو بتایا کہ اس حملے میں کم از کم 60 افراد مارے گئے۔ بورنو ریاست کے گورنر باباگانا زولم نے ہفتہ کی شام جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور صحافیوں سے تصدیق کی کہ اس حملے میں 60 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔
زولم نے کہا، "ہمیں عوام کے ساتھ ہمدردی ہے۔ ہم ان سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ اپنے گھروں کو نہ چھوڑیں، کیونکہ ہم نے سیکیورٹی بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ خوراک اور دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی کا بندوبست کیا ہے۔
باما کی مقامی حکومت کے چیئرمین موڈو گجا نے بتایا کہ ایک درجن سے زائد گھر جلا دیے گئے، جبکہ 100 سے زائد افراد کو اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا۔ سیکیورٹی اسٹڈیز انسٹی ٹیوٹ میں بوکو حرام پر تحقیق کرنے والے تائیوو ادیبایو نے دارالجمال کے مقامی باشندوں سے بات کی اور بتایا کہ جمعہ کی رات جو حملہ ہوا، وہ بوکو حرام کے ایک گروپ نے کیا، جسے "جماعت اہل السنۃ للدعوۃ والجہاد" کے نام سے جانا جاتا ہے۔