دنیا کی طویل ترین ڈائریکٹ فلائٹ کا نیا ریکارڈ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 18-09-2025
دنیا کی طویل ترین ڈائریکٹ فلائٹ کا نیا ریکارڈ
دنیا کی طویل ترین ڈائریکٹ فلائٹ کا نیا ریکارڈ

 



بیونس آئرس/شنگھائی: چائنا ایسٹرن ایئرلائنز نے شنگھائی سے ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس کے لیے نئی پرواز کا آغاز کر دیا ہے۔ ایئرلائن نے اسے دنیا کی سب سے طویل ڈائریکٹ فلائٹ قرار دیا ہے، جو براعظم ایشیا کو جنوبی امریکا سے جوڑنے والا ایک نیا فضائی راستہ فراہم کرے گی۔

یہ پرواز شنگھائی کے پڈونگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہو کر تقریباً 25 گھنٹے 30 منٹ میں بیونس آئرس پہنچتی ہے، جب کہ واپسی کا سفر 29 گھنٹے طویل ہوگا۔ دونوں سمتوں میں نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں دو گھنٹے کا مختصر قیام شامل ہے۔ ایئرلائن کے مطابق یہ پرواز 4 دسمبر سے باقاعدہ آغاز کرے گی اور ہفتے میں دو بار آپریٹ کی جائے گی۔

اس روٹ کے لیے جدید بوئنگ 777-300ER طیارے استعمال ہوں گے۔ کمپنی نے اس اقدام کو "ایئر سلک روڈ" کے ایک نئے باب سے تعبیر کیا ہے، جو ایشیا پیسیفک خطے کو جنوبی امریکا سے جوڑنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ ماہرین کے مطابق، اگرچہ یہ پرواز دورانیے کے اعتبار سے دنیا کی سب سے طویل ڈائریکٹ فلائٹ کہلائی گئی ہے، لیکن موجودہ وقت میں دنیا کی سب سے طویل نان اسٹاپ پرواز کا ریکارڈ اب بھی سنگاپور ایئرلائنز کے پاس ہے، جو سنگاپور سے نیویارک تک 18 گھنٹے سے زائد کا مسلسل سفر طے کرتی ہے۔