نیپال:تین قیدی ہلاک،15,000 سے زیادہ جیلوں سے فرار

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 11-09-2025
نیپال:تین قیدی ہلاک،15,000 سے زیادہ جیلوں سے فرار
نیپال:تین قیدی ہلاک،15,000 سے زیادہ جیلوں سے فرار

 



کٹھمنڈو: نیپال میں حکومت مخالف پرتشدد مظاہروں کے دوران جمعرات کو ایک جیل میں قیدیوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ میں تین قیدی مارے گئے، جبکہ اب تک دو درجن سے زیادہ جیلوں سے 15,000 سے زیادہ قیدی فرار ہو چکے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ تازہ واقعے کے ساتھ ہی منگل سے بھڑکی ہوئی پرتشدد جھڑپوں میں مارے گئے قیدیوں کی تعداد بڑھ کر آٹھ ہو گئی ہے۔ مظاہرین کی جانب سے جیلوں پر حملوں اور بڑھتی ہوئی افراتفری کی وجہ سے پورے ملک میں قانون و امان کی صورتحال سنگین بنی ہوئی ہے۔ حکام حالات پر قابو پانے کے لیے اضافی دستے تعینات کر رہے ہیں۔

پرتشدد مظاہروں کے نتیجے میں منگل کو کے پی شرما اولی کو وزیراعظم کے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑا، جس کے بعد نیپال فوج نے سنگین قانون و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر مختلف صوبوں میں پابندیاں عائد کر دیں۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ جمعرات صبح مدھیش صوبے کی رامے چھاپ جیل میں قیدیوں اور سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان پرتشدد جھڑپ میں تین قیدی ہلاک اور 13 زخمی ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق جھڑپ اس وقت شروع ہوئی جب قیدیوں نے گیس سلنڈر میں دھماکہ کرکے جیل سے فرار ہونے کی کوشش کی۔ سکیورٹی فورسز نے حالات قابو میں کرنے کے لیے فائرنگ کی، جس میں تین قیدی ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ زخمیوں کو رامے چھاپ ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

میڈیا کی ایک خبر کے مطابق منگل کو تشدد بھڑکنے کے بعد سے پورے ملک کی 24 سے زائد جیلوں میں جھڑپیں اور قیدیوں کے فرار کے واقعات پیش آئے ہیں، جن میں ہزاروں قیدی آگ زنی اور ہنگاموں کے دوران فرار ہوگئے۔ اخبار دی کٹھمنڈو پوسٹ نے پولیس کے حوالے سے بتایا، ’’قیدیوں کے فرار کے واقعات اس وقت شروع ہوئے جب نوجوان مظاہرین نے کئی جیلوں پر دھاوا بول دیا، سرکاری عمارتوں کو آگ لگا دی اور جیل کے دروازے زبردستی کھول دیے۔

بدھ شام تک ابتدائی رپورٹوں سے یہ تصدیق ہوئی کہ 25 سے زیادہ جیلوں سے 15,000 سے زیادہ قیدی فرار ہوگئے تھے، جن میں سے صرف چند ہی خود واپس آئے یا دوبارہ گرفتار کیے گئے۔‘‘ گنڈکی صوبے کی کاسکی ڈسٹرکٹ جیل سے 773 قیدی فرار ہوگئے۔ جیلر راجندر شرما نے بتایا کہ فرار ہونے والوں میں 13 بھارتی شہری اور چار دیگر غیر ملکی شامل ہیں۔

خبروں کے مطابق، جیل مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ نے کہا کہ وہ اب بھی تمام صوبوں سے حتمی اعداد و شمار اکٹھا کر رہا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل لیلا پرساد شرما نے تصدیق کی کہ نیپال فوج، مسلح پولیس فورس اور نیپال پولیس سمیت سکیورٹی فورسز کو پورے ملک میں فرار قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کرنے اور نظم و نسق بحال کرنے کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔

کٹھمنڈو پوسٹ نے ڈی جی شرما کے حوالے سے کہا، ’’ہم انہیں جلد از جلد دوبارہ گرفتار کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کر رہے ہیں۔‘‘ اس سے پہلے، منگل رات مغربی نیپال کے بانکے ضلع کے بیجناتھ دیہی میونسپلٹی-3 کے نوبستہ ریجنل جیل کے نوبستہ ریفارم ہاؤس میں سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ جھڑپ میں پانچ کم عمر قیدی ہلاک ہوگئے تھے۔

ادھر، نیپال پولیس کے ذرائع کے مطابق، ہندوستان کی نیم فوجی فورس سشستر سیما بل (ایس ایس بی) نے جمعرات کو بیراگنیا چیک پوسٹ کے قریب 13 قیدیوں کو حراست میں لے لیا، جو جنوبی سرحد پار کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ وہ ان سیکڑوں قیدیوں میں شامل تھے جو بھارت-نیپال سرحد کے قریب روتہٹ ضلع میں واقع گور جیل توڑ کر فرار ہوئے تھے۔ ذرائع نے بتایا، ’’مناسب قانونی عمل کے بعد انہیں نیپال پولیس کے حوالے کر دیا جائے گا۔‘‘

ذرائع نے مزید بتایا کہ اپنی سزا کاٹ رہے 291 قیدیوں میں سے تقریباً 260، ’جین-زی‘ کے مظاہروں کے بعد جیل سے فرار ہوگئے۔ پولیس ان میں سے صرف 31 کو ہی واپس لا سکی، 13 کو بھارتی سکیورٹی فورسز نے پکڑ لیا اور باقی 216 اب بھی فرار ہیں۔