نیپال:سوشیلا کارکی ہونگی عبوری وزیراعظم

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 12-09-2025
نیپال:سوشیلا کارکی ہونگی عبوری وزیراعظم
نیپال:سوشیلا کارکی ہونگی عبوری وزیراعظم

 



کٹھمنڈو :نیپال میں نوجوان نسل کے پرتشدد مظاہروں کے بعد پیدا ہونے والے سیاسی بحران کے بیچ جمعہ کو سابق چیف جسٹس سوشیلا کارکی کو عبوری حکومت کا سربراہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی نیپال کی پارلیمنٹ کو بھی تحلیل کر دیا گیا ہے۔

جمعہ کو صدر رام چندر پوڈیل کے ساتھ فوجی سربراہ جنرل اشوک راج سگدیـل کی موجودگی میں "جنریشن-زی" کے لیڈروں نے ایک میٹنگ کی، جس میں سابق چیف جسٹس سوشیلا کارکی کو عبوری حکومت کی سربراہ بنانے پر اتفاق ہوا۔

رپورٹوں کے مطابق وہ آج رات 8:45 بجے ایوانِ صدر میں حلف لیں گی۔ سوشیلا کارکی کی پیدائش 7 جون 1952 کو ویرات نگر میں ہوئی۔ انہوں نے بنارس ہندو یونیورسٹی سے سیاسیات میں پوسٹ گریجویشن کیا، اور قانون کی تعلیم نیپال کی تری بھون یونیورسٹی سے حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے وکالت اور قانونی اصلاحات کے میدان میں اپنا کیریئر شروع کیا۔

وہ نیپال کی پہلی خاتون چیف جسٹس رہ چکی ہیں۔ سپریم کورٹ میں اپنے دورِ کار کے دوران انہوں نے کئی تاریخی مقدمات کی سماعت کی، جن میں انتخابی تنازعات بھی شامل تھے۔ نیپال میں بدعنوانی اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی کے خلاف حالیہ "جن زیڈ" مظاہروں میں ایک بھارتی شہری سمیت کم از کم 51 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

اخبار کٹھمنڈو پوسٹ کے مطابق نیپال پولیس کے ڈپٹی ترجمان، سینیئر سپرنٹنڈنٹ رمیش تھاپا نے بتایا کہ مرنے والوں میں ایک بھارتی، تین پولیس اہلکار اور دیگر نیپالی شہری شامل ہیں۔ خبر کے مطابق کم از کم 36 لاشیں مہاراج گنج کے تری بھون یونیورسٹی ٹیچنگ اسپتال میں موجود ہیں جہاں جمعہ کو پوسٹ مارٹم شروع ہوا۔

پولیس نے بتایا کہ جمعرات اور جمعہ کو مختلف علاقوں سے مزید 17 لاشیں برآمد ہوئیں۔ سوموار کو کٹھمنڈو میں پارلیمنٹ پر حملے کے دوران پولیس فائرنگ میں کم از کم 19 افراد مارے گئے تھے، جن میں زیادہ تر طلبہ تھے۔ اس کے بعد وزیر اعظم کے پی شرما اولی نے منگل کو استعفیٰ دے دیا۔

سینکڑوں مظاہرین ان ہلاکتوں کے خلاف ان کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے ان کے دفتر میں گھس گئے تھے۔ نیپال میں سوشل میڈیا پر عائد پابندی پیر کی رات ہٹا لی گئی۔ اولی کے استعفے کے باوجود تشدد جاری رہا اور مظاہرین نے پارلیمنٹ، ایوانِ صدر، وزیر اعظم کی رہائش گاہ، سرکاری دفاتر، سیاسی جماعتوں کے دفاتر اور سینیئر رہنماؤں کے گھروں کو آگ لگا دی۔

اس دوران جمعہ کی دوپہر باغمتی ندی کے کنارے پشوپتیناتھ مندر کے آریا گھاٹ پر کئی لاشوں کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔ پولیس کے مطابق مظاہروں میں تقریباً 1,700 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے تقریباً 1,000 صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ نیپال پولیس آہستہ آہستہ کٹھمنڈو وادی میں اپنا آپریشن دوبارہ شروع کر رہی ہے اور جن تھانوں اور چوکیوں میں توڑ پھوڑ یا آگ زنی ہوئی تھی، وہاں بھی بتدریج کام دوبارہ شروع ہو رہا ہے۔