کٹھمنڈو: نیپال کے وزیر اعظم کے پی شرما اولی اور صدر رام چندر پودیل کی رہائش گاہوں کو مظاہرین نے آگ کے حوالے کر دیا۔ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ کو بھی احتجاجیوں نے آگ کے حوالے کردیاہے۔ اسی دوران مظاہرین نے اطلاعات و نشریات کے وزیر پرتھوی سبا گروُنگ کے گھر کو بھی آگ لگا دی۔ سابق وزیر اعظم پشپ کمل دہل عرف پرچنڈ کے گھر کے باہر قائم پولیس چوکی میں بھی آگ لگا دی گئی۔
روتہٹ کے چندرپور میونسپلٹی میں بھی آگ زنی کی خبریں ہیں۔ زراعت و مویشی پروری کے وزیر رامناتھ ادھیکاری نے استعفیٰ دے دیا۔ نیپالی میڈیا کے مطابق، نیپالی کانگریس کے رکن پارلیمنٹ رامناتھ ادھیکاری نے اپنے استعفے میں کہا کہ جمہوریت پر سوال اٹھانے اور پُرامن احتجاج کے شہریوں کے فطری حق کو تسلیم کرنے کے بجائے حکومت نے جبر، قتل اور طاقت کے استعمال سے جواب دیا ہے۔ اس کے سبب ملک جمہوریت کے بجائے آمریت کی طرف بڑھ رہا ہے۔
اس دوران کٹھمنڈو میں مظاہرین نے سی پی این-ایم سی کے صدر پشپ کمل دہل، وزیر اطلاعات پرتھوی سبا گروُنگ، سابق وزیر داخلہ رمیش لیکھک سمیت دیگر کے گھروں پر پتھراؤ کیا اور آگ لگا دی۔ مکوانپور کے ہیٹاودا اور مشرقی منہری بازار میں بڑے پیمانے پر مظاہرے ہوئے، جہاں مظاہرین نے ٹائر جلا کر مشرق-مغرب شاہراہ کو بند کر دیا، جس سے آمدورفت متاثر ہوئی۔ پولیس نے بدامنی کو قابو میں کرنے کے لیے اضافی فورس تعینات کی ہے۔
وزارت خارجہ نے کہا کہ ہم کل سے نیپال میں ہونے والے واقعات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ احتجاج کے دوران ہونے والی پرتشدد جھڑپوں میں کئی نوجوانوں کی جان جانے پر گہرا دکھ ہے۔ ہماری ہمدردیاں اور دعائیں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ ہم زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہیں۔ ایک قریبی دوست اور پڑوسی ہونے کے ناطے ہم امید کرتے ہیں کہ تمام فریق صبر سے کام لیں گے اور پُرامن طریقے سے مسائل حل کریں گے۔
وزارت نے کہا کہ کٹھمنڈو اور کئی شہروں میں کرفیو نافذ ہے، اس لیے نیپال میں موجود بھارتی شہری احتیاط برتیں اور حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔ کٹھمنڈو سمیت کئی اضلاع میں حکام نے منگل کو غیر معینہ مدت کے لیے کرفیو نافذ کر دیا۔ کٹھمنڈو ضلعی انتظامیہ نے صبح 8:30 بجے سے اگلے احکامات تک کرفیو کے آرڈر جاری کیے۔ اس دوران بڑے پیمانے پر احتجاج کے پیش نظر بھارتی وزارت خارجہ نے ایڈوائزری جاری کی ہے۔
کٹھمنڈو میں منگل کو حالات پھر کشیدہ ہو گئے۔ مظاہرین شہر کے بلکھو علاقے میں نیپالی کانگریس پارٹی کے دفتر میں گھس گئے۔ اس دوران پارٹی دفتر کے باہر ایک ٹریفک چوکی کو بھی آگ لگا دی۔اس دوران پی ایم اولی نے کہا: میں صورتِ حال کا جائزہ لینے اور ایک بامعنی نتیجہ نکالنے کے لیے متعلقہ فریقین کے ساتھ گفتگو کر رہا ہوں۔
اس کے لیے، آج شام 6 بجے آل پارٹی میٹنگ بلائی ہے۔ میں تمام بھائیوں اور بہنوں سے عاجزانہ درخواست کرتا ہوں کہ اس مشکل وقت میں صبر و تحمل سے کام لیں۔ نیپالی میڈیا کے مطابق، مظاہرین کو پارلیمنٹ کے باہر اور کلنکی سمیت دیگر مقامات پر سڑکیں بلاک کرتے دیکھا گیا۔ مظاہرین حکومت کے آمرانہ رویے کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت تک نہیں رکیں گے جب تک وزیر اعظم کے پی شرما اولی استعفیٰ نہیں دے دیتے۔
ایک مظاہرین نے کہا: "کل کئی طلبہ مارے گئے۔ اب وزیر اعظم کو ملک چھوڑ دینا چاہیے۔ نیپال حکومت نے پرتشدد مظاہروں کے بعد سوشل میڈیا پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان وزیر اطلاعات پرتھوی سبا گروُنگ نے کیا۔ لیکن اس اعلان کے بعد بھی منگل کی صبح سے مظاہرین دوبارہ سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے اولی کے استعفے کا مطالبہ کیا۔