نیپالی وزیراعظم دیوبا کا ہندوستان دورہ منسوخ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 06-01-2022
نیپالی پی ایم دیوبا
نیپالی پی ایم دیوبا

 

 

کھٹمنڈو۔ نیپال کے وزیر اعظم شیر بہادر دیوبا کا ہندوستان کا طے شدہ دورہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گجرات حکومت کی جانب سے کورونا بحران کی وجہ سے وائبرینٹ گجرات گلوبل سمٹ 2022 کو ملتوی کرنے کے بعد یہ دورہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔

یہ سربراہی اجلاس 10-12 جنوری2022 کو گجرات کے گاندھی نگر میں ہونا طے تھا اور منتظمین کے مطابق اس کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی کرنے والے تھے۔

 دیوبا چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لیے اتوار کو ہندوستان آنے والے تھے۔

تاہم اب ان کا سفر بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔ نیپالی حکومت کے عہدیداروں نے یہ اطلاع دی ہے۔

دیوبا کے دورہ ہند کے دوران مختلف شعبوں میں آٹھ الگ الگ معاہدوں پر دستخط کیے جانے تھے جن میں نیپال کو کیمیائی کھاد کی فراہمی اور 137 ہیلتھ پوسٹوں کی تعمیر شامل ہے۔

 خیال رہے کہ27 ممالک نے تین روزہ سربراہی اجلاس میں شرکت پر رضامندی ظاہر کی تھی۔ ابھی تک کسی ری شیڈول شدہ تاریخوں کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔