نیپال:دہشت گردی سے نمٹنے کے لیےجنوبی ایشیائی ممالک کے درمیان تعاون کی ضرورت

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 10-07-2025
نیپال:دہشت گردی سے نمٹنے کے لیےجنوبی ایشیائی ممالک کے درمیان تعاون کی ضرورت
نیپال:دہشت گردی سے نمٹنے کے لیےجنوبی ایشیائی ممالک کے درمیان تعاون کی ضرورت

 



کٹھمنڈو: نیپال میں ماہرین نے بدھ کے روز زور دیا کہ جنوبی ایشیائی ممالک کے درمیان دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے علاقائی تعاون میں فوری اضافہ کی ضرورت ہے۔ یہ بات نیپال انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار کوآپریشن اینڈ انگیجمنٹ کی جانب سے منعقدہ ایک سیمینار میں کہی گئی، جس کا موضوع تھا: جنوبی ایشیا میں دہشت گردی: علاقائی امن و سلامتی کے لیے چیلنجز۔

نیپال کے سابق وزیر صنعت و تجارت سنیل بہادر تھاپا نے خبردار کیا کہ پاکستان میں قائم شدت پسند گروہ جیسے لشکرِ طیبہ اور جیشِ محمد، جو ہندوستان کے لیے خطرہ ہیں، نیپال کو ایک ٹرانزٹ (عبوری) راستے کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں۔

سابق وزیر برائے خواتین، اطفال و بزرگ شہری چندا چودھری نے کہا کہ سرحد پار دہشت گرد سرگرمیوں کو روکنے کے لیے منی لانڈرنگ پر قابو پانا ایک کلیدی حکمت عملی ہونی چاہیے۔ سابق خارجہ سکریٹری دینیش بھٹارائی نے کہا کہ حال ہی میں ہندوستان کے پہلگام میں ہونے والا دہشت گرد حملہ حالیہ برسوں میں سب سے مہلک حملہ تھا۔

انہوں نے بتایا کہ حملہ آوروں نے متاثرین کا مذہب پوچھا اور پھر انہیں سر پر گولی مار کر قتل کیا۔ سابق وزیر خارجہ این پی سود نے جنوبی ایشیا میں ہونے والی تمام دہشت گردانہ کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس خطرے سے نمٹنے کے لیے علاقائی حکومتوں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط کیا جانا چاہیے۔

نیپالی فوج کے سابق میجر جنرل پورن سلوا نے دہشت گردی کے خلاف اقدامات میں دوہرے معیار سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی متضاد پالیسیوں سے دہشت گردی کے خاتمے کی کوششیں متاثر ہو سکتی ہیں۔ سابق خارجہ سکریٹری مدھو رمن آچاریہ نے بھارت اور نیپال کے درمیان خفیہ معلومات کے تبادلے اور سرحد پر مشترکہ گشت کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے دوہرایا کہ نیپال دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہندوستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔