نیپال: ہندوستانی سرنگ ریسکیو ٹیم کی بڑی پیش رفت

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 01-09-2026
نیپال: ہندوستانی سرنگ ریسکیو ٹیم کی بڑی پیش رفت
نیپال: ہندوستانی سرنگ ریسکیو ٹیم کی بڑی پیش رفت

 



کٹھمنڈو: نیپال میں سیلاب سے متاثرہ دو پن بجلی منصوبوں پر ہندوستان کی خصوصی سرنگ ریسکیو ٹیم نے اہم پیش رفت کی ہے۔ ہندوستانی سفیر برائے نیپال نوین سریواستو نے بتایا کہ ٹیم نے چلیمے میں ایک سرنگ کے اندر اپنی پوزیشن قائم کر لی ہے، جبکہ لنگٹانگ میں سرنگ کے اندر 185 میٹر تک تلاشی لی گئی ہے۔

ہندوستانی سفیر نے پیر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ ٹیم نے خراب موسم اور دشوار گزار راستوں کے باوجود نیپالی فوج کے تعاون سے چلیمے اور لنگٹانگ میں کارروائی کی۔ ہندوستان نے 26 اگست کو آنے والے تباہ کن اچانک سیلاب کے بعد نیپال کی مدد کے لیے خصوصی ٹیمیں روانہ کی ہیں۔

سیلاب نے ملک کے شمالی اور وسطی علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی، جس میں سیکڑوں افراد ہلاک، ہزاروں لاپتہ اور مکانات، سڑکیں، پل اور پن بجلی منصوبے تباہ ہوئے۔ ہندوستان اور چین کی ماہر ٹیمیں نیپالی امدادی اہلکاروں کے ساتھ مل کر مختلف پن بجلی منصوبوں پر ان کارکنوں اور ملازمین کی تلاش میں مدد کر رہی ہیں، جن کا آفت کے بعد سے کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔

خدشہ ہے کہ ان میں سے کئی افراد سرنگوں کے اندر پھنسے ہوئے ہیں۔ نوین سریواستو نے پیر کو سرنگوں میں ریسکیو آپریشن کے لیے تعینات ہندوستانی تکنیکی ٹیموں سے ملاقات کی اور لنگٹانگ اور چلیمے کی سرنگوں میں جاری کارروائی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے بتایا، ’’خراب موسم اور چلیمے تک رسائی میں دشواری کے باوجود ٹیم نے کامیابی سے سرنگ کے اندر اپنی پوزیشن قائم کی اور اندر حفاظتی رسیاں نصب کیں۔‘

‘ انہوں نے کہا کہ لنگٹانگ میں ہندوستانی ٹیم نے نیپالی فورسز کے ساتھ مل کر سرنگ کے اندر 185 میٹر تک تلاشی لی۔ ریسکیو آپریشن منگل کو بھی جاری رہے گا۔ ہندوستانی سفیر نے نواکوٹ کے بیدور میں نیپالی فوج کے اڈے کا بھی دورہ کیا، جہاں سے رسووا میں امدادی اور بچاؤ کارروائیوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے نیپال کے وزیر داخلہ سودن گرونگ اور توانائی و آبی وسائل کے وزیر بیراج بھکت شریستھا سے بھی ملاقات کی اور نیپال کے لیے ہندوستان کی امدادی اور بچاؤ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ وزارت خارجہ کے مطابق، پیر تک نیپال کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے 158 ہندوستانی شہریوں کو بحفاظت نکالا جا چکا ہے۔ وزارت خارجہ نے بتایا کہ ہندوستان کی خصوصی فرانزک ٹیم نے بھی کٹھمنڈو میں نیپال پولیس کی فرانزک سائنس لیبارٹری کے ساتھ مل کر کام جاری رکھا اور مختلف طریقہ کار اور دستاویزات کو مزید مؤثر بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔