نیپال:ہوٹل انڈسٹری کو 25 ارب روپے سے زیادہ کا نقصان

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 12-09-2025
نیپال:ہوٹل انڈسٹری کو 25 ارب روپے سے زیادہ کا نقصان
نیپال:ہوٹل انڈسٹری کو 25 ارب روپے سے زیادہ کا نقصان

 



کٹھمنڈو: نیپال میں طلبہ کی قیادت میں حالیہ حکومت مخالف مظاہروں کے دوران ملک بھر میں تقریباً دو درجن ہوٹلوں میں توڑ پھوڑ، لوٹ پاٹ یا آتش زنی کے واقعات پیش آئے۔ اس سے سیاحت پر مبنی نیپالی معیشت کے ایک اہم جزو ہوٹل انڈسٹری کو 25 ارب روپے سے زیادہ کا نقصان ہوا ہے۔

جمعہ کو شائع ایک خبر میں یہ اطلاع دی گئی۔ نیوز پورٹل ’مائی ریپبلکا‘ کی رپورٹ کے مطابق، ہوٹل ایسوسی ایشن نیپال (HAN) نے بتایا کہ کٹھمنڈو کا ہلٹن ہوٹل سب سے زیادہ متاثر ہوا، جہاں آٹھ ارب روپے سے زائد کا نقصان درج کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ کٹھمنڈو وادی، پوکھرا، بٹول، بھیرہوا، جھاپا، ویرات نگر، دھن گھڑی، مہوتری اور ڈانگ-تلسی پور میں دیگر بڑے ملکی اور بین الاقوامی برانڈ کے ہوٹل بھی تشدد کی زد میں آئے۔

خبر کے مطابق، کئی متاثرہ ہوٹل مرمت اور ازسرنو تعمیر کے بغیر دوبارہ آپریشن شروع نہیں کر سکیں گے، جس سے دو ہزار سے زیادہ کارکنوں کی نوکریاں متاثر ہوں گی۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ HAN نے تشویش ظاہر کی ہے کہ اس نقصان کے باعث ہوٹلوں کے لیے بینکوں اور دیگر اداروں کے مالی تقاضے پورے کرنا مشکل ہو جائے گا۔

ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ ایک عدالتی کمیٹی مظاہروں کی تحقیقات کرے، مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور متاثرہ کاروباروں کے لیے معاوضے کا اعلان کیا جائے۔ HAN نے حکومت سے یہ بھی اپیل کی کہ مرمت اور تعمیر نو کے کام کے لیے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا جائے۔

اس نے اس بات پر زور دیا کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنا سیاحت کی ترقی اور ملک کی معاشی استحکام کے لیے نہایت ضروری ہے۔ قابل ذکر ہے کہ نیپال کی مجموعی گھریلو پیداوار (GDP) میں سیاحت کا حصہ تقریباً سات فیصد ہے اور یہ غیر ملکی زرِمبادلہ کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ یہ ہمالیائی ملک ابھی تک کووڈ-19 وبا کے صدمے سے مکمل طور پر نہیں سنبھل پایا ہے۔