بہرا ئچ: نیپال میں 5 مارچ کو ہونے والے عام انتخابات کے پیش نظر بھارت-نیپال سرحد 2 مارچ کی نصف شب سے 5 مارچ کی نصف شب تک بند رہے گی۔ حکام نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔ بہرا ئچ ضلع کے روپئیڈیھا میں قائم انٹیگریٹڈ چیک پوسٹ (ICP) کے انچارج سدھیر شرما نے بتایا کہ نیپال کی وزارتِ داخلہ نے 26 فروری کی تاریخ کا ایک سرکاری مراسلہ جاری کیا ہے جس میں سرحد بند رکھنے کی اطلاع دی گئی ہے۔
خط کے مطابق، بھارت سے متصل نیپال کے بانکے ضلع کی پوری سرحد پر واقع تمام بارڈر آؤٹ پوسٹس 2 اور 3 مارچ کی درمیانی شب 12 بجے سے 5 مارچ کی رات 12 بجے تک بند رہیں گی۔ یہ اقدام انتخابات کو آزادانہ، منصفانہ، بے خوف اور شفاف طریقے سے منعقد کرانے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔
شرما نے کہا کہ اس مدت کے دوران آئی سی پی کے ذریعے درآمد و برآمد کی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ تاہم ضروری ادویات اور دیگر اہم اشیاء کی آمد و رفت جاری رہے گی۔ سشستر سیما بل (SSB) کی 42ویں بٹالین کے کمانڈنٹ گنگا سنگھ اُداوت نے بتایا کہ نیپالی انتظامیہ کی ہدایات کے بعد 2 مارچ کی رات سے ووٹنگ کے اختتام (5 مارچ) تک سرحد پر “محدود نقل و حرکت” نافذ کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
اُداوت نے مزید کہا کہ سرحد پر پہلے ہی سخت نگرانی کی جا رہی ہے اور لوگوں کو مکمل تلاشی اور شناختی دستاویزات کی تصدیق کے بعد ہی گزرنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ دونوں ممالک کے شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ پابندی کے دوران انتہائی ضرورت کے بغیر سرحد پار کرنے سے گریز کریں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بڑی تعداد میں نیپالی ووٹر روزگار اور کاروبار کے سلسلے میں بھارت میں مقیم ہیں۔ ایسے ووٹرز، شدید بیمار مریضوں اور ضروری اشیاء کو سیکیورٹی فورسز کی سخت نگرانی میں سرحد پار کرنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔