کٹھمنڈو: نیپال میں گزشتہ دو دنوں سے ’جن زی‘ گروپ کی قیادت میں ہونے والے پرتشدد حکومت مخالف مظاہروں کے دوران کم از کم 25 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جن میں تین پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ پولیس اور حکام نے بدھ کو یہ اطلاع دی۔
پولیس اور حکام نے بتایا کہ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے مظاہرے کے دوران سکیورٹی فورسز کی فائرنگ میں 19 افراد مارے گئے، جن میں زیادہ تر نوجوان تھے۔ نیپال پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پرتشدد مظاہروں کے دوران منگل کو کٹھمنڈو کے کوٹیشور علاقے میں ہجوم نے تین پولیس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا۔
پولیس نے مزید بتایا کہ منگل کو کالیمٹی تھانے پر پولیس کے ساتھ جھڑپ میں تین مظاہرین مارے گئے۔ وزارت داخلہ کے حکام کے مطابق مظاہروں کے دوران 633 افراد زخمی ہوئے۔ اسی دوران نیپالی کانگریس کے صدر شیر بہادر دیوبا اور ان کی اہلیہ و وزیر خارجہ ارزو رانا دیوبا ایک اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
وہ اپنے بدھنیلکانٹھا واقع رہائش گاہ پر مظاہرین کے حملے کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔ نیپال کی فوج نے بدھ کو مظاہروں کی آڑ میں ممکنہ تشدد کو روکنے کے لیے ملک گیر پابندی کے احکامات جاری کرتے ہوئے کرفیو نافذ کر دیا۔ یہ اقدام بڑے پیمانے پر حکومت مخالف مظاہروں کے پیش نظر وزیر اعظم کے۔ پی۔ شرما اولی کے استعفے کے ایک دن بعد اٹھایا گیا۔