نئی دہلی: عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی ایک نئی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان میں سال 2023 کے دوران 15 سے 49 سال کی عمر کی پانچ میں سے زیادہ یعنی تقریباً 20 فیصد خواتین کو ان کے گھریلو یا قریبی شریکِ حیات کی جانب سے تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تقریباً 30 فیصد بھارتی خواتین اپنی زندگی کے کسی نہ کسی مرحلے پر اس طرح کے تشدد سے متاثر ہوئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں تین میں سے ایک شخص — یعنی تقریباً 84 کروڑ افراد — اپنی زندگی میں شریکِ حیات یا جنسی تشدد کا شکار ہوئے ہیں، اور یہ اعداد و شمار سال 2000 سے تقریباً بے بدل ہیں۔ دنیا بھر میں 15-49 سال عمر کی 8.4 فیصد خواتین غیر شریکِ حیات کی جانب سے جنسی تشدد کا سامنا کرتی ہیں۔
بھارت میں اندازاً 15 سال یا اس سے زیادہ عمر کی تقریباً چار فیصد خواتین کو غیر شریکِ حیات کے ذریعے جنسی تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ادھانوم گیبرییسس نے کہا: “خواتین کے خلاف تشدد انسانیت کی سب سے پرانی اور وسیع ترین زیادتیوں میں سے ایک ہے، مگر اس کے خلاف سب سے کم کارروائی کی جاتی ہے۔
کوئی بھی معاشرہ اُس وقت تک منصفانہ، محفوظ یا صحت مند نہیں کہلا سکتا جب تک اس کی آدھی آبادی خوف میں زندگی گزارنے پر مجبور ہو۔ یہ مسئلہ محض پالیسی کا نہیں بلکہ عزت، مساوات اور انسانی حقوق کا معاملہ ہے۔” 25 نومبر کو منائے جانے والے ’خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن‘ سے قبل جاری اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خواتین کے خلاف تشدد دنیا بھر میں انتہائی عام ہے اور ہر ملک و خطے میں خواتین کو متاثر کر رہا ہے۔
رپورٹ میں اعتراف کیا گیا کہ اس مسئلے پر پیش رفت بہت سست ہے اور سال 2030 تک خواتین پر تشدد کے مکمل خاتمے کا عالمی ہدف حاصل کرنا “ابھی بھی بہت دور” دکھائی دیتا ہے۔ 168 ممالک کے اعداد و شمار پر مبنی یہ رپورٹ 2000 سے 2023 کے دوران کیے گئے سروے اور تحقیق کا جامع تجزیہ ہے، اور یہ 2021 میں جاری کیے گئے تخمینوں کا تازہ ترین ورژن ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ خواتین کے خلاف تشدد کی روک تھام کے لیے فنڈنگ میں نمایاں کمی آئی ہے۔ مثال کے طور پر 2022 میں عالمی ترقیاتی امداد کا صرف 0.2 فیصد اس مقصد کے لیے مختص کیا گیا، اور 2025 میں یہ فنڈنگ مزید کم ہو گئی ہے۔ رپورٹ نے دنیا بھر کی حکومتوں اور اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سنگین مسئلے پر فی الفور فیصلہ کن اقدامات کریں اور مؤثر فنڈنگ کے ذریعے حقیقی تبدیلی لائیں۔