ناٹو کے اتحادیوں کا ٹرمپ کی آبنائے ہرمز ناکہ بندی میں شامل ہونے سے انکار

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 14-04-2026
ناٹو کے اتحادیوں کا ٹرمپ کی آبنائے ہرمز ناکہ بندی میں شامل ہونے سے انکار
ناٹو کے اتحادیوں کا ٹرمپ کی آبنائے ہرمز ناکہ بندی میں شامل ہونے سے انکار

 



 پیرس اور لندن: نیٹو کے اتحادیوں نے پیر کے روز واضح کیا ہے کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کے منصوبے میں شامل نہیں ہوں گے اور اس کے بجائے یہ مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ صرف اس وقت کردار ادا کریں گے جب خطے میں جاری لڑائی ختم ہو جائے گی، جس سے اتحاد کے اندر کشیدگی بڑھنے کا خدشہ ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکی فوج دیگر ممالک کے ساتھ مل کر اس اہم آبی گزرگاہ میں بحری آمدورفت کو روکنے کے لیے اقدامات کرے گی، خاص طور پر اس وقت جب ہفتے کے اختتام پر ہونے والے مذاکرات ایران کے ساتھ جاری چھ ہفتوں کے تنازعے کو ختم کرنے میں ناکام رہے۔

بعد ازاں امریکی فوج نے وضاحت کی کہ یہ ناکہ بندی صرف ان جہازوں تک محدود ہوگی جو ایرانی بندرگاہوں کی طرف جا رہے ہوں یا وہاں سے نکل رہے ہوں۔

فروری کے آخر سے جاری جنگ کے بعد ایران نے اس آبنائے کو تقریباً تمام غیر ملکی جہازوں کے لیے بند کر رکھا ہے اور وہ اس پر مستقل کنٹرول قائم کرنے کے ساتھ ساتھ یہاں سے گزرنے والے جہازوں سے محصول وصول کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

تاہم برطانیہ اور فرانس سمیت نیٹو کے اہم اتحادیوں نے اس منصوبے میں شامل ہونے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جنگ میں براہ راست فریق نہیں بننا چاہتے بلکہ ان کی ترجیح یہ ہے کہ تنازع ختم ہونے کے بعد اس آبی راستے کو محفوظ طریقے سے دوبارہ کھولا جائے۔

برطانوی وزیر اعظم نے واضح کیا کہ ان کا ملک اس ناکہ بندی کی حمایت نہیں کرتا اور کسی بھی دباؤ کے باوجود جنگ میں شامل نہیں ہوگا۔

دوسری جانب یورپی ممالک ایک متبادل منصوبے پر غور کر رہے ہیں جس کے تحت ایک کثیر القومی مشن تشکیل دیا جائے گا جو جنگ کے خاتمے کے بعد آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کو محفوظ بنانے میں مدد دے گا۔

فرانس نے اس مقصد کے لیے ایک بین الاقوامی کانفرنس بلانے کا اعلان کیا ہے جس میں مختلف ممالک شریک ہو کر ایک مشترکہ حکمت عملی طے کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اس مجوزہ مشن میں تقریباً تیس ممالک کی شرکت متوقع ہے، جن میں خلیجی ممالک اور دیگر اہم عالمی شراکت دار شامل ہوں گے، اور اس کا مقصد بحری جہازوں کو تحفظ فراہم کرنا ہوگا، نہ کہ کسی جنگی کارروائی میں حصہ لینا۔

بعض سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ دیکھنا باقی ہے کہ آیا امریکہ اس متبادل منصوبے کو قبول کرے گا یا نہیں، کیونکہ موجودہ صورتحال میں آبنائے ہرمز ایک اہم سفارتی اور اسٹریٹجک دباؤ کا ذریعہ بن چکی ہے۔

ترکی نے بھی اس بات پر زور دیا ہے کہ اس مسئلے کا حل فوجی اقدامات کے بجائے سفارت کاری کے ذریعے نکالا جانا چاہیے، کیونکہ کسی بین الاقوامی فوجی مشن کی تشکیل ایک پیچیدہ عمل ہوگا۔