دوحہ/ آواز دی وائس
قطر پر اسرائیل کے ذریعے 9 ستمبر کو دوحہ میں کیے گئے حملے کے بعد عرب-اسلامی کانفرنس یا یوں کہیں ایمرجنسی مسلم سمٹ قطر کے دوحہ میں منعقد کی گئی، جس میں سعودی عرب، ایران، عراق، یو اے ای، اردن، ترکیہ، پاکستان، ملیشیا، شام سمیت تقریباً 50 مسلم ممالک نے شرکت کی۔ اس اجلاس میں اسرائیل کے خلاف یکجہتی کا اعلان کیا گیا اور اسرائیلی حملے کی سخت مذمت کی گئی۔
اسی کے ساتھ غزہ کے مسئلے پر بھی تمام رہنما ایک ساتھ نظر آئے۔ قابلِ غور بات یہ ہے کہ اسرائیل نے آج بھی غزہ پر حملہ کیا۔ اب دیکھنا یہ ہوگا کہ اس میٹنگ کے بعد کیا اسرائیل پر کوئی دباؤ پڑتا ہے یا مسلم ممالک کوئی بڑا قدم اٹھاتے ہیں۔
یہ اجلاس 9 ستمبر کو اسرائیل کے دوحہ پر حملے کے جواب میں بلایا گیا تھا، جس میں حماس کے رہنماؤں کو نشانہ بنایا گیا تھا اور چھ افراد جاں بحق ہو گئے تھے جن میں ایک قطری شہری بھی شامل تھا۔
شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کا اہم خطاب
قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے عرب مسلم سمٹ کا افتتاح کرتے ہوئے ایک خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے ملک کے دارالحکومت پر ایک غدارانہ حملہ کیا گیا جس میں حماس کے رہنماؤں کے خاندانوں اور ان کے مذاکراتی وفد کی رہائش گاہ کو نشانہ بنایا گیا۔
شیخ تمیم نے اسرائیلی حملے کو بزدلانہ اور غدارانہ عمل قرار دیا اور کہا کہ ہمارے شہری ششدر رہ گئے اور پوری دنیا اس بزدلانہ جارحیت اور دہشت گردانہ فعل سے حیران رہ گئی۔
ترکیہ کے صدر اردوان کے کڑے الفاظ
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے اسرائیل پر کڑی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ قطر پر حملہ، جس نے حماس کے مذاکراتی وفد کو نشانہ بنایا، اسرائیلی بربریت کو ایک نئے درجے تک لے گیا ہے اردوان نے مزید کہا ہم اسرائیل کی اس دہشت گردانہ ذہنیت کا سامنا کر رہے ہیں جو انتشار اور خون سے پروان چڑھتی ہے اور جسے ایک ریاست عملی جامہ پہناتی ہے
ترک صدر نے مسلم ممالک سے اپیل کی
ہمیں اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرانے اور اس کے حکام کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے سفارتی کوششیں تیز کرنی چاہئیں
ایرانی صدر کا پیغام
ایران کے صدر مسعود پزیشکیان نے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے مسلم ممالک سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات ختم کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا اسلامی ممالک اس جعلی ریاست کے ساتھ تعلقات ختم کر سکتے ہیں اور زیادہ سے زیادہ اتحاد اور ہم آہنگی قائم رکھ سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا"مسلم ممالک کو ایک دوسرے کے ساتھ یکجہتی دکھانی چاہیے اور صیہونی ریاست کے بائیکاٹ کے لیے معاشی، ثقافتی اور سماجی اقدامات کرنے چاہئیں۔"
ایرانی صدر نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل ایک طرف غزہ کے نہتے عوام پر لگاتار بمباری کے ذریعے جرائم کر رہا ہے اور دوسری طرف بچوں، عورتوں اور مردوں کو بھوک کا شکار بنا رہا ہے۔ یہ ناقابلِ برداشت ہے۔
اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم کا پیغام
اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم نے اجلاس میں اسرائیل کی سخت مذمت کی اور کہا کہ قطر پر حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اسرائیلی خطرے کی کوئی حد نہیں اور ہماری جوابی کارروائی واضح، مضبوط اور روکنے والی ہونی چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ یہ اجلاس "انتہا پسند اسرائیلی حکومت کے خطرے" سے نمٹنے کے لیے عملی فیصلے کرے۔
مصر کے صدر السیسی کی وارننگ
مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کا مسلسل بڑھتا ہوا غرور ایسے اقدامات کا تقاضا کرتا ہے جو ہماری مشترکہ سوچ کو ظاہر کریں۔ اب فلسطینی مسئلے کو سنجیدگی سے حل کرنے کا وقت ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اسرائیل یہ سمجھ لے کہ اس کی سلامتی اور خودمختاری طاقت سے نہیں بلکہ قوانین اور دوسروں کی خودمختاری کا احترام کرنے سے حاصل ہو گی۔"
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی شرکت
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے اجلاس میں شرکت کی اور قطر کے امیر کو ایک خصوصی پیغام بھیجا۔ انہوں نے "اسرائیل کے سفاکانہ حملے" کے خلاف دوحہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے بلائے گئے اجلاس کے نتائج کی تعریف کی۔
فلسطینی صدر محمود عباس کا بیان
فلسطینی صدر نے کہا کہ قطر پر اسرائیلی حملہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے اور یہ ایک خطرناک اضافہ ہے جو ۔ عرب، علاقائی اور عالمی سلامتی کو خطرے میں ڈال رہا ہے انہوں نے زور دیا کہ قطر کی سلامتی عرب اور اسلامی سلامتی کا حصہ ہے اور ہم سب ان حملوں کے خلاف متحد ہیں۔
پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کا موقف
پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد سے ملاقات کے دوران اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور او آئی سی سمیت تمام سفارتی پلیٹ فارمز پر مکمل سفارتی حمایت فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت امت کو متحد کرنے کا ہے اور ولی عہد محمد بن سلمان کی قیادت قابلِ تعریف ہے۔
عراقی وزیر اعظم کا پیغام
عراق کے وزیر اعظم محمد شیاع السودانی نے کہا کہ قطر پر حملہ ایک منفی پیغام دیتا ہے جو دانستہ طور پر پرامن حل کے امکانات کو ختم کرتا ہے۔ کسی بھی عرب یا اسلامی ملک کی سلامتی ہماری اجتماعی سلامتی سے الگ نہیں۔
عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابوالغیط کا بیان
انہوں نے کہا کہ قطر کی خودمختاری پر اسرائیلی حملے نے تمام انسانی اصولوں کو روند ڈالا ہے۔ اسرائیل کے جرائم کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔ یہ اجلاس یہ پیغام دیتا ہے کہ قطر اکیلا نہیں ہے اور تمام عرب و اسلامی ممالک اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔
او اآئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طاہا کا مطالبہ
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو اسرائیل کو اس کے جرائم کے لیے جوابدہ ٹھہرانا چاہیے۔ یہ اجلاس اسرائیلی حملے کے خلاف متحد اور مضبوط موقف اپنانے کا بہترین موقع ہے۔"
قطر کے وزیر اعظم شیخ محمد کا پیغام
قطر کے وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کے لیے وقت آ گیا ہے کہ وہ دوہرے معیار کو مسترد کرے اور اسرائیل کو اس کے تمام جرائم کے لیے جوابدہ ٹھہرائے۔