وینزویلا پر امریکہ کے متعدد حملے

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 03-01-2026
وینزویلا پر امریکہ کے متعدد حملے
وینزویلا پر امریکہ کے متعدد حملے

 



کاراکاس: وینزویلا کے دارالحکومت کاراکاس سمیت مختلف شہروں میں زور دار دھماکوں اور نچلی پرواز کرنے والے طیاروں کی آوازوں کے بعد صورتحال کشیدہ ہو گئی ہے۔ امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ حملے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم پر کیے گئے، تاہم واشنگٹن کی جانب سے باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کاراکاس میں کم از کم سات دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ مختلف علاقوں میں دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے۔ جنوبی کاراکاس میں ایک بڑے فوجی اڈے کے قریب واقع علاقے میں دھماکوں کے بعد بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

وینزویلا کی حکومت نے ملک میں امریکی حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے اسے امریکی فوجی جارحیت قرار دیا ہے۔ صدر نکولس مادورو نے حالیہ دنوں میں کہا تھا کہ وینزویلا امریکا کے ساتھ منشیات اسمگلنگ کے خلاف تعاون پر بات چیت کے لیے تیار ہے، تاہم انہوں نے ابتدائی طور پر مبینہ حملوں پر براہِ راست تصدیق یا تردید سے گریز کیا تھا۔

ماضی میں مادورو یہ الزام بھی عائد کرتے رہے ہیں کہ امریکا ان کی حکومت گرانا اور وینزویلا کے تیل کے وسیع ذخائر تک رسائی حاصل کرنا چاہتا ہے، جبکہ ساتھ ہی انہوں نے یہ مؤقف اختیار کیا کہ وینزویلا امریکی سرمایہ کاری کے لیے بھی تیار ہے۔ پس منظر کے طور پر واضح رہے کہ امریکا اور وینزویلا کے تعلقات طویل عرصے سے کشیدگی کا شکار ہیں۔

پابندیوں، سیاسی اختلافات اور منشیات کے خلاف کارروائیوں کے نام پر فوجی دباؤ نے دونوں ممالک کے درمیان تناؤ کو مزید بڑھا دیا ہے۔ حالیہ دھماکوں نے اس کشیدہ صورتحال کو ایک نئے اور خطرناک مرحلے میں داخل کر دیا ہے، جس پر خطے اور عالمی سطح پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔