معمر قذافی کے بیٹے ہانیبال قذافی کو ایک ارب ڈالر ضمانت پر رہا کرنے کا حکم

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 18-10-2025
معمر قذافی کے بیٹے ہانیبال قذافی کو ایک ارب ڈالر ضمانت پر رہا کرنے کا حکم
معمر قذافی کے بیٹے ہانیبال قذافی کو ایک ارب ڈالر ضمانت پر رہا کرنے کا حکم

 



بیروت: لبنان کی عدلیہ نے لیبیا کے سابق مقتول رہنما معمر قذافی کے صاحبزادے ہانیبال قذافی کو ایک ارب ڈالر کی ضمانتی رقم کے بدلے رہائی دینے کا فیصلہ سنا دیا ہے۔ اس رہائی کے ساتھ ان پر سفری پابندیاں عائد رہیں گی، یعنی وہ لبنان سے باہر نہیں جا سکیں گے۔

ہانیبال قذافی کو 2015ء میں شام سے اغوا کر کے لبنان منتقل کیا گیا تھا، جس کے بعد لبنانی حکام نے انہیں باضابطہ طور پر حراست میں لے لیا۔ ان پر الزام تھا کہ وہ معروف شیعہ عالم اور اُس وقت کی امل تحریک کے سربراہ امام موسیٰ الصدر کی 1978ء میں لیبیا میں گمشدگی کے حوالے سے معلومات چھپا رہے ہیں۔

یہ الزام لبنان کی شیعہ برادری کی جانب سے عائد کیا گیا، جس کا کہنا ہے کہ ہانیبال قذافی کے والد، معمر قذافی، موسیٰ الصدر اور ان کے دو ساتھیوں کو طرابلس کے سرکاری دورے کے دوران اغوا کرنے کے ذمہ دار تھے۔ تاہم، لیبیا کی اس وقت کی حکومت نے ان الزامات کی سختی سے تردید کی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ امام موسیٰ الصدر اور ان کے ساتھی لیبیا چھوڑ کر اٹلی روانہ ہو چکے ہیں۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ ہانیبال قذافی اُس وقت محض چند سال کے تھے جب یہ واقعہ پیش آیا، اور ان کا اس میں براہِ راست کوئی کردار ثابت نہیں ہوا۔ کئی سالوں سے جاری قید اور ٹرائل نہ ہونے کے خلاف انہوں نے کچھ عرصہ قبل بھوک ہڑتال بھی کی تھی، جس نے انسانی حقوق کے حلقوں میں تشویش پیدا کی۔

عدالت کی جانب سے اب یہ فیصلہ سامنے آیا ہے کہ ہانیبال قذافی کو ایک ارب ڈالر کی بھاری ضمانت کے بدلے رہا کیا جا سکتا ہے، مگر وہ لبنان سے باہر نہیں جا سکیں گے، اور ان پر مقدمہ بدستور قائم رہے گا۔ یہ فیصلہ لبنان میں جاری سیاسی اور فرقہ وارانہ کشیدگی کے تناظر میں ایک حساس معاملہ سمجھا جا رہا ہے، اور یہ دیکھنا ابھی باقی ہے کہ ہانیبال کی رہائی لبنان-لیبیا تعلقات اور مقامی سیاست پر کیا اثر ڈالتی ہے۔