رباط (مراکش): "ہم رباط میں مہمان بن کر نہیں بلکہ ایک زندہ روحانی چراغ کے امین بن کر آئے ہیں۔ چشتی روایت کی خواتین نے آٹھ صدیوں تک محبت الٰہی کے چراغ روشن رکھے ہیں۔ دنیا آج جس امن کی تلاش میں ہے وہ کسی اعلان سے نہیں بلکہ روزانہ کے عمل سے پیدا ہوتا ہے۔ ہر کھلا دروازہ۔ ہر بچھا ہوا دسترخوان۔ اور ہر آنے والے انسان کا بلا امتیاز استقبال دراصل امن کا عملی اظہار ہے۔"
یہ خیالات اجمیر شریف درگاہ کے 26 ویں سجادہ نشین اور چشتی فاؤنڈیشن کے چیئرمین حاجی سید سلمان چشتی نے مراکش کے دارالحکومت رباط میں منعقد ہونے والی خاتون صوفی روایت پر پہلی بین الاقوامی کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے ظاہر کیے۔ 10 اور 11 جون 2026 کو منعقد ہونے والی اس تاریخی کانگریس میں دنیا بھر سے صوفی رہنما۔ محققین۔ دانشور اور علمی شخصیات شریک ہوئیں۔ حاجی سید سلمان چشتی نے اپنے خطاب میں چشتی سلسلے کی آٹھ سو سالہ روایت کو عالمی صوفی ورثے کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے خواتین کے روحانی کردار۔ بین المذاہب ہم آہنگی اور امن عالم کے فروغ پر زور دیا۔

"بیدار یادداشت روشن مستقبل" کے عنوان سے منعقد ہونے والی اس کانگریس کا مشترکہ اہتمام مراکش کی شاہی اکیڈمی اور ولیات انٹرنیشنل نے کیا تھا۔ دو روز تک جاری رہنے والے اس اجتماع میں صوفی روایت میں خواتین کے روحانی مقام اور ان کے تاریخی کردار پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
کانگریس کے تیسرے پینل "حکمت کے جواہر۔ تصوف میں خواتین کی شخصیات" سے خطاب کرتے ہوئے حاجی سید سلمان چشتی نے "ہندوستان میں صوفی خواتین کے نقوش۔ محبت الٰہی کے راستے" کے موضوع پر اظہار خیال کیا۔ انہوں نے حضرت بی بی آمنہؓ۔ حضرت مریم علیہا السلام۔ حضرت خدیجہؓ۔ حضرت عائشہؓ۔ حضرت فاطمۃ الزہراؓ اور حضرت رابعہ بصریؒ کے روحانی کردار کا تذکرہ کرتے ہوئے ہندوستان کی معروف چشتی بزرگ خواتین حضرت بی بی حافظہ جمالؒ اور حضرت بی بی فاطمہ سامؒ کی خدمات پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ اجمیر شریف اور دہلی میں ان بزرگ خواتین کے مزارات آج بھی لاکھوں عقیدت مندوں کے لیے روحانی فیض کا مرکز ہیں۔ ان کی تعلیمات محبت۔ خدمت خلق اور انسان دوستی کا عملی نمونہ پیش کرتی ہیں اور یہی تعلیمات آج کے دور میں بھی رہنمائی کا سرچشمہ ہیں۔
کانگریس کے ساتویں پینل "دل کے امن سے دنیا کے امن تک" میں حاجی سید سلمان چشتی نے چشتی سلسلے کے معروف اصول "سب کے ساتھ امن" کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اجمیر شریف کا آٹھ سو سالہ لنگر دنیا میں بین المذاہب ہم آہنگی اور عملی امن کی قدیم ترین زندہ مثالوں میں شمار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ درگاہ اجمیر شریف میں ہر مذہب۔ نسل اور قوم سے تعلق رکھنے والے افراد کو یکساں احترام اور محبت کے ساتھ خوش آمدید کہا جاتا ہے اور یہی چشتی تعلیمات کا بنیادی پیغام ہے۔
اس موقع پر مراکش کی شاہی اکیڈمی کے مستقل سیکریٹری عبدالجلیل لہجومی نے کہا کہ صوفی خواتین کا روحانی ورثہ تاریخ کا کوئی حاشیہ نہیں بلکہ اس کے روشن ترین ابواب میں سے ایک ہے۔ ولیات انٹرنیشنل کی بانی کیرول لطیفہ امیر نے کہا کہ جب اجمیر شریف کے سجادہ نشین رباط میں کھڑے ہو کر بی بی حافظہ جمال اور بی بی فاطمہ سام کا ذکر کرتے ہیں تو وہ صرف ایک علمی گفتگو نہیں کرتے بلکہ تہذیبوں اور دلوں کے درمیان ایک پل تعمیر کرتے ہیں۔

مراکش کے شاہی مشیر آندرے آزولے نے اپنے خطاب میں کہا کہ تہذیبوں کے درمیان مکالمہ آج کی دنیا کی بنیادی ضرورت ہے اور ثقافت و روحانیت ہی وہ قوتیں ہیں جو مختلف معاشروں کے درمیان پائیدار پل قائم کر سکتی ہیں۔
مبصرین کے مطابق اس عالمی کانگریس میں حاجی سید سلمان چشتی کی شرکت عالمی سطح پر ہندوستانی چشتی روایت کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ اور اہمیت کا اعتراف ہے۔ اجمیر شریف کی درگاہ دنیا کی سب سے زیادہ زیارت کی جانے والی صوفی خانقاہوں میں شمار ہوتی ہے جہاں ہر سال مختلف مذاہب اور ممالک سے لاکھوں زائرین حاضری دیتے ہیں۔
کانگریس کے اختتام پر "رباط اعلامیہ" جاری کیا گیا جس میں عالمی اداروں سے مطالبہ کیا گیا کہ صوفی روایت میں خواتین کے روحانی اور ثقافتی کردار کو انسانیت کے مشترکہ تہذیبی ورثے کا لازمی حصہ تسلیم کرتے ہوئے اس کے تحفظ اور فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
یہ کانگریس اس پیغام کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی کہ محبت۔ خدمت۔ مکالمہ اور روحانی ہم آہنگی آج بھی دنیا کو قریب لانے اور مختلف تہذیبوں کے درمیان اعتماد پیدا کرنے کی سب سے مؤثر قوتیں ہیں۔