ریاض : سعودی وژن 2030 کے تحت اہم اقدام ’پیلگریم ایکسپیرینس پروگرام‘ نے اپنی 2024 کی سالانہ رپورٹ جاری کر دی ہے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ 2022 کے مقابلے میں عازمین حج اور عمرہ زائرین کی آمد میں 101 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق، رپورٹ میں نہ صرف زائرین کے لیے فراہم کی جانے والی خدمات کے فروغ کو اجاگر کیا گیا ہے بلکہ اس سے متعلقہ اداروں کی کامیابیوں کو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، 2024 کے دوران بیرون ملک سے 1 کروڑ 85 لاکھ (18.5 ملین) سے زائد عازمین حج اور عمرہ سعودی عرب آئے۔ ان میں تقریباً 1 کروڑ 70 لاکھ (17 ملین) عمرہ زائرین اور 16 لاکھ (1.6 ملین) عازمین حج شامل تھے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ 40 سے زائد سرکاری اداروں کے اشتراک سے 89 اقدامات پر عمل درآمد کیا گیا اور ان میں 95 فیصد تک کامیابی حاصل کی گئی۔
ان اقدامات میں زائرین کے سفر کے تمام مراحل جیسے ٹرانسپورٹ، مناسک کی ادائیگی، اور تاریخی و مذہبی مقامات کے دورے شامل ہیں۔سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا کہ ”سعودی قیادت نے وژن 2030 میں حج اور عمرہ زائرین کی خدمت کو کلیدی ہدف کے طور پر اپنایا ہے۔“روضہ شریفہ میں بھی 2024 کے دوران 1 کروڑ 30 لاکھ (13 ملین) سے زائد زائرین کا خیر مقدم کیا گیا جو 2023 کے مقابلے میں 40 لاکھ زیادہ ہیں۔رپورٹ میں یہ خوش آئند پیش رفت بھی سامنے آئی کہ زائرین کے اطمینان کی شرح 57 فیصد سے بڑھ کر 81 فیصد تک پہنچ گئی، جو خدمات کے معیار اور مجموعی تجربے کی بہتری کو ظاہر کرتی ہے۔