دنیا بھر میں فوجی کارروائی،صرف اخلاقیات رکاوٹ ہیں ۔ٹرمپ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 09-01-2026
 دنیا بھر میں فوجی کارروائی،صرف اخلاقیات رکاوٹ ہیں ۔ٹرمپ
دنیا بھر میں فوجی کارروائی،صرف اخلاقیات رکاوٹ ہیں ۔ٹرمپ

 



 واشنگٹن ڈی سی : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو شائع ہونے والے ایک انٹرویو میں کہا کہ دنیا بھر میں فوجی کارروائیوں کا حکم دینے سے انہیں صرف ان کی اپنی اخلاقیات روکتی ہیں۔ ان کے مطابق ان کے اختیارات پر اصل پابندی ان کا اپنا ذہن اور ضمیر ہے۔

یہ گفتگو اخبار دی نیویارک ٹائمز کے ساتھ اس وقت سامنے آئی جب چند دن پہلے ٹرمپ نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو اقتدار سے ہٹانے کے لیے ایک تیز رفتار کارروائی کی تھی۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے کئی دیگر ممالک اور خود مختار علاقے گرین لینڈ کو بھی دھمکیاں دی تھیں۔

ٹرمپ نے اخبار کو بتایا کہ ہاں ایک چیز ہے جو مجھے روک سکتی ہے اور وہ میری اپنی اخلاقیات ہیں۔ میرا اپنا ذہن ہی واحد رکاوٹ ہے۔ یہ بات انہوں نے اس سوال کے جواب میں کہی کہ کیا ان کے عالمی اختیارات پر کوئی حد موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں بین الاقوامی قانون کی ضرورت نہیں کیونکہ وہ لوگوں کو نقصان پہنچانا نہیں چاہتے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ بین الاقوامی قانون کی پاسداری کا دارومدار اس بات پر ہے کہ آپ بین الاقوامی قانون کو کس طرح بیان کرتے ہیں۔

امریکہ انٹرنیشنل کریمنل کورٹ کا رکن نہیں ہے جو جنگی جرائم کے مقدمات سنتی ہے۔ امریکہ نے اقوام متحدہ کی اعلیٰ ترین عدالت انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس کے فیصلوں کو بھی کئی مرتبہ مسترد کیا ہے۔ خود ٹرمپ کو بھی ملکی قانون کے حوالے سے تنازعات کا سامنا رہا ہے۔ ان کا دو بار مواخذہ کیا گیا۔ انہیں 2020 کے صدارتی انتخابات کے نتائج بدلنے کی سازش سمیت متعدد وفاقی الزامات کا سامنا کرنا پڑا جو بعد میں ان کے دوبارہ منتخب ہونے کے بعد ختم کر دیے گئے۔ انہیں ایک فحش فلموں کی اداکارہ کو خاموش رکھنے کے لیے رقم کی ادائیگی چھپانے کے معاملے میں سزا بھی سنائی گئی۔

خود کو امن کا صدر کہلانے اور نوبل انعام کا خواہش مند ہونے کے باوجود ٹرمپ نے اپنی صدارت کی دوسری مدت میں فوجی کارروائیوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

ٹرمپ نے جون میں ایران کے ایٹمی پروگرام پر حملوں کا حکم دیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے گزشتہ برس عراق نائیجیریا صومالیہ شام یمن اور حال ہی میں وینزویلا پر ہونے والی کارروائیوں کی نگرانی بھی کی۔

وینزویلا میں مادورو کی گرفتاری کے بعد ٹرمپ کے حوصلے مزید بلند ہوئے۔ اس کے بعد انہوں نے کولمبیا سمیت کئی دیگر ممالک اور گرین لینڈ کو بھی دھمکیاں دیں۔ گرین لینڈ کا انتظام نیٹو کے رکن ملک ڈنمارک کے پاس ہے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ان کی ترجیح نیٹو فوجی اتحاد کو برقرار رکھنا ہے یا گرین لینڈ کا حصول تو ٹرمپ نے جواب دیا کہ یہ ایک انتخاب ہو سکتا ہے۔

کانگریس کے کچھ ارکان جن میں چند رپبلکنز بھی شامل ہیں ٹرمپ کے اختیارات کو محدود کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔