میٹا کے سی ای او نے غلطیوں پر حکومت سے معافی مانگ لی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 05-08-2026
میٹا کے سی ای او نے غلطیوں پر حکومت سے معافی مانگ لی
میٹا کے سی ای او نے غلطیوں پر حکومت سے معافی مانگ لی

 



 نئی دہلی: فیس بک پر وزیر اعظم نریندر مودی کی ایک پوسٹ ہٹائے جانے کے معاملے میں حکومت کی جانب سے حال ہی میں سمن جاری کیے جانے کے بعد میٹا کی عالمی ٹیم نے بدھ کے روز مرکزی وزیر برائے اطلاعاتی ٹیکنالوجی اشونی ویشنو سے ملاقات کی۔

سرکاری ذرائع کے مطابق، اس ملاقات کے بعد میٹا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مارک زکربرگ نے بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد، ڈیپ فیک مواد اور پلیٹ فارم کے نظم و نسق میں ہونے والی غلطیوں پر معافی مانگی اور افسوس کا اظہار کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ میٹا کی ٹیم کو واضح طور پر آگاہ کر دیا گیا کہ وہ صرف ’’درمیانی ثالث‘‘ (Intermediary) کی تعریف میں نہیں آتے۔ ذرائع کے مطابق، چونکہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم خود یہ طے کرتا ہے کہ کون سا مواد کس صارف تک پہنچے گا، اس لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کے تحت انہیں ’’سیف ہاربر‘‘ (Safe Harbour) کا تحفظ حاصل نہیں ہوگا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ میٹا کی ٹیم نے یہ بھی تسلیم کیا کہ مخصوص نوعیت کے مواد کو فروغ دینے کے لیے بڑی مقدار میں رقم خرچ کی گئی تھی۔ کمپنی نے اس پر اپنی غلطی قبول کرتے ہوئے معافی مانگی۔ بدھ کے روز میٹا کی ٹیم، جس میں عالمی امور کے سربراہ جوئل کپلان بھی شامل تھے، نے آئی ٹی وزیر اشونی ویشنو سے ملاقات کی۔ اس کے علاوہ ٹیم نے آئی ٹی سکریٹری ایس کرشنن کے ساتھ بھی الگ سے تبادلۂ خیال کیا۔

اس ملاقات کو نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ حال ہی میں وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے ہندوستانی نوجوانوں سے خطاب اور پیپر لیک کے خلاف سخت کارروائی کے وعدے پر مشتمل فیس بک پوسٹ کو پلیٹ فارم نے عارضی طور پر ہٹا دیا تھا، جس کے بعد حکومت نے میٹا کے اعلیٰ عالمی عہدیداروں کو طلب کیا تھا۔

امریکہ میں قائم اس سوشل میڈیا کمپنی نے اس واقعے کو تکنیکی خرابی قرار دیتے ہوئے معافی مانگی تھی، تاہم الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت نے اس وضاحت کو ’’ناکافی‘‘ قرار دیا تھا۔ کمپنی کا کہنا تھا کہ پوسٹ ’’غلطی سے‘‘ حذف ہوئی تھی، جسے بعد میں دوبارہ بحال کر دیا گیا۔ میٹا کو انسٹاگرام پر بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد (CSAM) والے معاوضہ شدہ اشتہارات کے معاملے میں بھی ضابطہ جاتی جانچ کا سامنا ہے، اور حکومت گزشتہ ماہ اس مسئلے پر کمپنی کو نوٹس بھی جاری کر چکی ہے۔