مکہ مکرمہ:حج سیزن 2025 کے آغاز کے ساتھ ہی عمرہ زائرین پر عائد پابندی اور ’مکہ پرمٹ‘ کے سخت نظام کے نفاذ سے مسجد الحرام میں غیر معمولی سکون اور نظم و ضبط دیکھنے کو مل رہا ہے۔ مطاف جو عام دنوں میں عمرہ زائرین سے بھرپور ہوتا تھا، اس وقت عازمینِ حج کے لیے مکمل طور پر مختص ہے، جس کی وجہ سے وہ نہایت اطمینان سے طواف اور سعی کی ادائیگی کر رہے ہیں
سبق نیوز کے مطابق، سعودی وزارت داخلہ نے 23 اپریل 2025 سے ان افراد پر مکہ مکرمہ میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے جن کے اقامے مکہ سے جاری نہیں ہوئے، یا جن کے پاس درست ’مکہ پرمٹ‘ نہیں ہے۔ اس اقدام کا مقصد حج کے دوران ہجوم کو کنٹرول کرنا اور عازمین کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔
مسجد الحرام میں خانہ کعبہ کے سامنے عازمین حج
حکام کے مطابق، رواں سال حج کے لیے 20 لاکھ سے زائد عازمین کی آمد متوقع ہے جن میں سے تقریباً 15 لاکھ سے زیادہ بین الاقوامی زائرینہوں گے، جو 160 سے زائد ممالک سے آئیں گے۔ وزارت حج و عمرہ نے تمام داخلی و خارجی راستوں پر جدید سکیورٹی و اسکریننگ سسٹم نصب کیے ہیں تاکہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں فوری کارروائی کی جا سکے۔سعودی سکیورٹی اداروں نے واضح کیا ہے کہ مکہ پرمٹ کے بغیر داخل ہونے والوں پر 10,000 ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا اور انہیں فوری طور پر شہر سے نکال دیا جائے گا۔وزارت حج کے مطابق، اس سال عازمین کو جدید ٹیکنالوجی، ای-سروسز، اورAI پر مبنی سہولیات کی مدد سے رہنمائی دی جا رہی ہے تاکہ ان کی عبادات کو زیادہ سے زیادہ سہل اور بامعنی بنایا جا سکے۔
سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے عازمین حج کو ہدایت کی ہے کہ وہ شدید دھوپ، خاص طور پر دوپہر کے اوقات میں، براہ راست سورج کی تمازت سے بچیں تاکہ گرمی کے باعث کسی قسم کی جسمانی تکلیف یا ہیٹ اسٹروک جیسے مسائل سے محفوظ رہ سکیں۔سبق نیوز کے مطابق وزارتِ حج و عمرہ کی جانب سے عازمین کے لیے رہنمائی کے متعدد ضوابط جاری کیے گئے ہیں، جن میں صحت سے متعلق احتیاطی تدابیر کو اہم قرار دیا گیا ہے۔وزارت نے کہا ہے کہ "عازمین مناسک کی ادائیگی کے لیے اس وقت نکلیں جب سورج کی شدت کم ہو، اور اگر دن کے وقت نکلنا ناگزیر ہو تو محفوظ ٹرانسپورٹ استعمال کریں اور چھتری ساتھ رکھنا ہرگز نہ بھولیں۔"مزید کہا گیا ہے کہ حج کے دوران صحت مند رہنے کے لیے عازمین کو چاہیے کہ وہ پانی کا زیادہ استعمال کریں، مناسب آرام کریں اور ہجوم یا دھوپ میں غیر ضروری وقت گزارنے سے گریز کریں۔حج سیزن کے آغاز کے ساتھ ہی دنیا بھر سے یومیہ بنیادوں پر قافلوں کی مملکت آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں مقیم زائرین اکثر زیارات کے لیے بھی جاتے ہیں، جس کے دوران انہیں کھلی فضا اور گرمی کا سامنا ہوتا ہے۔چونکہ موسمِ گرما اپنے عروج پر ہے، اس لیے وزارت نے ایک بار پھر تاکید کی ہے کہ عازمین گرمی سے بچاؤ کے لیے تمام احتیاطی تدابیر اپنائیں تاکہ ان کا حج محفوظ اور پرسکون طریقے سے مکمل ہو سکے۔