ممدانی کی ٹرمپ سے بات ، وینزویلا پر امریکی فوجی کاروائی کی مخالفت

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 04-01-2026
ممدانی کی ٹرمپ سے بات ، وینزویلا پر امریکی فوجی کاروائی کی مخالفت
ممدانی کی ٹرمپ سے بات ، وینزویلا پر امریکی فوجی کاروائی کی مخالفت

 



نیو یارک: نیو یارک شہر کے میئر ظہران ممدانی نے کہا ہے کہ انہوں نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کی امریکی فوج کے ذریعے گرفتاری کے خلاف امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے ’’براہِ راست‘‘ بات کی۔

ممدانی نے ایک خودمختار ملک پر یکطرفہ حملے کو ’’جنگی اقدام‘‘ قرار دیا۔ مادورو اور ان کی اہلیہ سیلیا فلورس پر نیو یارک کے جنوبی ضلع میں فوجداری الزامات عائد کیے گئے ہیں اور الزامات کا سامنا کرنے کے لیے انہیں شہر لایا گیا ہے۔

ممدانی نے ایک پریس کانفرنس میں وینزویلا کی صورتحال اور مادورو کی گرفتاری سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ انہوں نے ’’صدر کو فون کیا اور اس اقدام کے خلاف اپنا احتجاج درج کرانے کے لیے ان سے براہِ راست بات کی‘‘۔ انہوں نے کہا، ’’میں نے اپنا احتجاج درج کرایا۔ میں نے اپنی بات بالکل واضح طور پر کہہ دی اور بات وہیں ختم ہو گئی۔‘

‘ تاہم ممدانی نے اس بارے میں کوئی تفصیل نہیں بتائی کہ ٹرمپ نے انہیں کیا جواب دیا۔ یہ غیر معمولی بین الاقوامی پیش رفت ممدانی کے نیو یارک شہر کے میئر کے طور پر حلف اٹھانے کے محض دو دن بعد سامنے آئی ہے۔

ہفتہ کی صبح، ممدانی کو ان کے چیف آف اسٹاف اور پولیس کمشنر سمیت انتظامیہ کے عہدیداروں نے وینزویلا کے صدر اور ان کی اہلیہ کی امریکی فوج کے ذریعے گرفتاری اور انہیں نیو یارک شہر میں وفاقی تحویل میں لے جانے کے بارے میں آگاہ کیا۔ ممدانی نے کہا کہ ’’اقتدار کی تبدیلی کی کھلی کوشش‘‘ نیو یارک کے شہریوں کو متاثر کرتی ہے، جن میں شہر میں رہنے والے وینزویلا کے باشندے بھی شامل ہیں۔

نومنتخب میئر نے ایک بیان میں کہا، ’’کسی خودمختار ملک پر یکطرفہ حملہ جنگی اقدام ہے اور وفاقی و بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔‘‘ اسی دوران، ایوانِ نمائندگان کی مستقل سلیکٹ کمیٹی آن انٹیلیجنس کے سینئر رکن راجا کرشن مورتی نے کہا کہ اگرچہ مادورو ایک ’’غیر قانونی آمر‘‘ ہیں جنہوں نے وینزویلا کے عوام کو شدید تکلیف پہنچائی ہے، لیکن یہ حقیقت کسی بھی صدر کو کانگریس (پارلیمان) کی اجازت کے بغیر فوجی طاقت استعمال کرنے کا کھلا اختیار نہیں دیتی۔

کرشن مورتی نے کہا، کانگریس کی اجازت کے بغیر کارروائی کر کے اور عوامی طور پر ایک دوسرے خودمختار ملک پر امریکی کنٹرول کا دعویٰ کر کے، صدر ٹرمپ صدارتی اختیارات کا غلط استعمال کر رہے ہیں اور آئین میں اختیارات کی تقسیم کو کمزور کر رہے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کو فوری طور پر امریکی اہلکاروں کی سلامتی کے بارے میں جواب دینا ہوگا اور یہ واضح کرنا ہوگا کہ آیا کوئی جانی نقصان ہوا ہے یا نہیں، نیز کانگریس کو مکمل اور فوری معلومات فراہم کرنی ہوں گی۔

کرشن مورتی نے کہا، صدر نے اب اعلان کر دیا ہے کہ امریکہ وینزویلا (کی انتظامیہ) چلائے گا... نہ امریکی عوام اور نہ ہی کانگریس نے اس اقدام کی حمایت کی ہے۔ طاقت کا یہ استعمال اور کنٹرول کا دعویٰ قانون کی حکمرانی کو کمزور کرتا ہے، ماسکو اور بیجنگ کو دیگر خطوں میں بھی اپنی حدود بڑھانے کی ترغیب دیتا ہے، امریکہ کی ساکھ کو نقصان پہنچاتا ہے اور بالآخر امریکیوں کو غیر محفوظ بناتا ہے۔