مکہ: مکہ مکرمہ میں جدید سفری، شہری اور حج سہولتوں کو بہتر بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، جن کا مقصد لاکھوں زائرین اور مقامی شہریوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ رائل کمیشن فار مکہ سٹی اینڈ دی ہولی سائٹس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر صالح الراشد کے مطابق مکہ میں ایک جدید انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قیام کے لیے اسٹریٹجک اور معاشی سرمایہ کاری کی منظوری دی جا چکی ہے۔
اس منصوبے میں نجی شعبے کے ساتھ شراکت داری کے تحت سرمایہ کاری کے ماڈلز تیار کیے جائیں گے، جبکہ اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ قریبی شہروں کے ایئرپورٹس متاثر نہ ہوں۔ اسی طرح مکہ میٹرو منصوبے کے فزیبلٹی اسٹڈیز اور ابتدائی ڈیزائن مکمل ہو چکے ہیں، جو شہر کے ٹرانسپورٹ نظام میں انقلابی بہتری لانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
شہری سہولیات کے حوالے سے جاری منصوبوں کا ہدف رہائشیوں اور زائرین کے اطمینان کی شرح کو 90.5 فیصد تک پہنچانا ہے۔ اس مقصد کے تحت “اسمارٹ مکہ” پروگرام کے ذریعے مصنوعی ذہانت کی مدد سے مسجد الحرام اور اطراف میں ہجوم کی نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ جمرات پل اور دیگر مرکزی مقامات پر رش کی پیشگی پیش گوئی کے نظام کو فضائی امیجنگ اور بلدی ایپلی کیشنز سے منسلک کیا گیا ہے۔
ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بھی نمایاں بہتری لائی جا رہی ہے۔ مکہ ٹیکسی سروس کو جدید گاڑیوں، ٹریکنگ سسٹم، الیکٹرانک ادائیگی اور الیکٹرک و ہائبرڈ گاڑیوں کے ساتھ متعارف کرایا جا چکا ہے۔ مکہ بس نیٹ ورک اس وقت 400 بسوں کے ذریعے 12 روٹس پر خدمات فراہم کر رہا ہے، جو 430 اسٹاپس اور مرکزی علاقوں کے چار بڑے اسٹیشنز کو جوڑتا ہے۔
فروری 2022 سے اب تک اس سروس کے ذریعے 185 ملین سے زائد مسافروں کو سہولت دی جا چکی ہے اور 3.8 ملین سے زیادہ ٹرپس مکمل کیے گئے ہیں۔ انفرااسٹرکچر کے میدان میں پہلے، دوسرے اور تیسرے رنگ روڈ کے بڑے حصے مکمل کر کے انہیں مسجد الحرام اور دیگر مقدس مقامات سے منسلک کر دیا گیا ہے، جبکہ شہر کے داخلی راستوں کو بھی جدید بنایا گیا ہے۔
حج سہولتوں کو بہتر بنانے کے لیے مسجد الحرام کے اطراف 60 مینٹیننس عمارتیں تعمیر کی گئی ہیں اور 32 برقی ایسکیلیٹرز نصب کیے گئے ہیں۔ اسی طرح عرفات میں 190,000 مربع میٹر کے رقبے پر آٹھ مقامات کی اپ گریڈیشن، 33,000 مربع میٹر پر دو منزلہ خیمے، 27,000 حجاج کی گنجائش کے حامل 10 رہائشی ٹاورز اور منیٰ میں 200 بستروں پر مشتمل ایمرجنسی اسپتال زیر تعمیر ہے۔
ماحولیاتی بہتری کے لیے 20,000 درخت لگانے، پانی کے نظام کو مؤثر بنانے اور 285,000 مربع میٹر سے زائد سایہ دار اور ٹھنڈے پیدل راستے بنانے پر کام جاری ہے۔ ویسٹ مینجمنٹ اور پانی و سیوریج نظام میں بہتری کے نتیجے میں 310 ملین سعودی ریال سے زائد کی بچت بھی حاصل ہوئی ہے۔
مزید منصوبوں میں ویسٹ جمرات اسٹیشن کا قیام شامل ہے، جس کے ذریعے طوافِ افاضہ صرف 20 منٹ میں مکمل کیا جا سکے گا اور فی گھنٹہ 20,000 افراد کو سہولت فراہم ہوگی۔ اس کے علاوہ چھ نئی عوامی مارکیٹس قائم کی جا رہی ہیں جبکہ تین موجودہ مارکیٹس کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق مرکزی علاقوں میں پیدل چلنے کی جگہ میں 127 فیصد اضافہ کیا گیا ہے اور 30,000 مربع میٹر سے زائد نئے سایہ دار مقامات شامل کیے گئے ہیں، تاکہ رش کم ہو اور زائرین کے مجموعی تجربے کو بہتر بنایا جا سکے۔