واشنگٹن
امریکہ کی ایک تجارتی عدالت نے ٹرمپ انتظامیہ کو بڑا جھٹکا دیا ہے۔ بدھ کے روز عدالت نے حکومت کو حکم دیا کہ وہ ان درآمد کنندگان کو ممکنہ طور پر رقم واپس کرنا شروع کرے جنہوں نے ایسے ٹیرف ادا کیے تھے جنہیں گزشتہ ماہ سپریم کورٹ نے غیر قانونی قرار دیا تھا۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق مین ہیٹن میں واقع امریکی عدالت برائے بین الاقوامی تجارت کے جج رچرڈ ایٹن نے حکومت کو ہدایت دی کہ وہ بغیر ٹیرف عائد کیے امریکہ میں آنے والی لاکھوں کھیپوں کی لاگت کو حتمی شکل دے۔ خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق عدالت نے سود کے ساتھ رقم واپس کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
امریکہ میں جب کوئی سامان درآمد کیا جاتا ہے تو درآمد کنندہ ابتدا میں اندازاً ڈیوٹی جمع کراتا ہے۔ تقریباً 314 دن بعد اس ڈیوٹی کو حتمی شکل دی جاتی ہے، جسے ’’لیکویڈیشن‘‘ کہا جاتا ہے۔ جج ایٹن نے کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن (سی بی پی) کو ہدایت دی کہ وہ ان کھیپوں کے اندراج کو بغیر ٹیرف کے حتمی شکل دے تاکہ درآمد کنندگان کو رقم واپس مل سکے۔
سماعت کے دوران جج نے کہا کہ کسٹمز محکمہ کے لیے یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔ ان کے مطابق اگر درآمد کنندگان کسی ڈیوٹی کی زیادہ ادائیگی کر دیتے ہیں تو کسٹمز روزانہ کی بنیاد پر رقم واپس کرتا ہے، اس لیے نظام کو پروگرام کر کے رقم کی واپسی ممکن ہے۔انہوں نے کہا كہ وہ یہ کام ہر روز کرتے ہیں۔ وہ اندراج کو لیکویڈیٹ کرتے ہیں اور رقم واپس کرتے ہیں۔
جمعہ کے لیے ایٹن نے ایک اور سماعت بھی مقرر کی ہے جس میں انہوں نے سی بی پی کے ریفنڈ منصوبے کے بارے میں تازہ معلومات طلب کی ہیں۔ اپنے حکم میں انہوں نے کہا کہ عدالت کے چیف جج نے اشارہ دیا ہے کہ ٹیرف ریفنڈ کے معاملات کی سماعت صرف ایٹن ہی کریں گے۔
کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن نے عدالتی دستاویز میں کہا ہے کہ ٹیرف کا تخمینہ لگائے بغیر اندراج کی لاگت کو حتمی شکل دینا ’’غیر معمولی‘‘ عمل ہوگا اور اس کے لیے 70 ملین سے زیادہ اندراجات کا دستی جائزہ لینا پڑ سکتا ہے۔ ادارے نے ایک اور عدالتی دستاویز میں کہا تھا کہ اسے رقم واپس کرنے کے طریقوں کا جائزہ لینے کے لیے چار ماہ تک کا وقت درکار ہو سکتا ہے۔
سی بی پی نے اس معاملے پر تبصرے کی درخواست کا کوئی جواب نہیں دیا۔
رپورٹ کے مطابق کنگ اینڈ اسپالڈنگ کے شراکت دار اور سابق سینئر تجارتی عہدیدار ریان ماجیرس نے کہا كہ اس حکم کی زبان سے واضح ہے کہ درآمد کنندگان کو آئی ای ای پی اے کے تحت ریفنڈ حاصل کرنے کا حق ہے اور اس کے لیے یہی ایک راستہ ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ حکومت حکم کے دائرہ کار کو چیلنج کر سکتی ہے یا کم از کم امریکی کسٹمز سے اس عمل کے لیے مزید وقت مانگ سکتی ہے، کیونکہ یہ یقیناً ایک بہت بڑا کام ہوگا۔
امریکی حکومت نے اب ختم ہو چکے ٹیرف سے 130 ارب ڈالر سے زیادہ رقم جمع کی تھی۔ سپریم کورٹ نے ریفنڈ جاری کرنے کے طریقہ کار کے بارے میں کوئی واضح ہدایت نہیں دی، جس کے باعث یہ الجھن پیدا ہو گئی کہ درآمد کنندگان کو رقم کیسے واپس ملے گی۔
جج ایٹن کا یہ حکم ایٹمس فلٹریشن کی طرف سے دائر کیے گئے ایک مقدمے میں سامنے آیا ہے، جس میں کمپنی نے عدالت کو بتایا کہ اس نے غیر قانونی ٹیرف کے طور پر تقریباً 11 ملین ڈالر ادا کیے ہیں۔
ایٹمس کا مقدمہ ان تقریباً دو ہزار مقدمات میں سے ایک ہے جو تجارتی عدالت میں آئی ای ای پی اے یعنی انٹرنیشنل ایمرجنسی اکنامک پاورز ایکٹ کے تحت عائد ٹیرف کی واپسی کے لیے دائر کیے گئے ہیں۔
اس فیصلے کا ہندوستان پر اثر
ہندوستان پر پہلے 25 فیصد ’’لبریشن ڈے‘‘ ٹیرف عائد کیا گیا تھا۔ بعد میں روسی تیل کی خریداری کے باعث مزید 25 فیصد اضافی ڈیوٹی لگا دی گئی، جس سے کچھ ٹیرف 50 فیصد تک پہنچ گئے تھے۔ تاہم حال ہی میں امریکہ اور ہندوستان کے درمیان ایک تجارتی فریم ورک معاہدے کے تحت ٹیرف کو کم کر کے 18 فیصد کرنے کی بات سامنے آئی ہے۔ عدالت کے فیصلے کے باوجود تمام ٹیرف ختم نہیں ہوئے ہیں۔عدالت کے فیصلے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ وہ امریکہ میں آنے والے سامان پر 15 فیصد کی نئی عالمی لیوی (ٹیکس) عائد کریں گے۔
ٹیرف کو غیر قانونی قرار دیے جانے کے بعد ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ہندوستان۔امریکہ تجارتی معاہدے پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑے گا اور ہندوستان کو ادائیگی کرنا ہی ہوگی، جبکہ امریکہ کو کچھ بھی نہیں دینا پڑے گا۔
تاہم اب سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ جن کمپنیوں سے ٹیرف وصول کیا گیا تھا، انہیں رقم کب اور کس طرح واپس ملے گی، کیونکہ سپریم کورٹ نے اس حوالے سے کوئی واضح رہنمائی فراہم نہیں کی ہے۔