مہاتما گاندھی کی پڑپوتی کو فراڈ کیس میں 7 برس قید

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 10-06-2021
آشیش لتا رام گوبن
آشیش لتا رام گوبن

 

 

 جنوبی افریقہ کی ایک عدالت نے مہاتما گاندھی کی پڑپوتی آشیش لتا رام گوبن کو 60 لاکھ رانڈ کے فراڈ کے الزام میں 7 برس قید کی سزا سنادی۔56 سالہ آشیش لتا رام گوبن کو صنعت کار ایس آر مہاراج کے ساتھ دھوکا دہی کا مجرم قرار دیا گیا۔ایس آر مہاراج نے آشیش لتا کو بھارت سے آنے والے سامان کی کسٹم اور درآمدی ڈیوٹیز کلیئر کرنے کے لیے 62 لاکھ رانڈ (لگ بھگ 3 کروڑ 33 لاکھ بھارتی روپے) دیے تھے اور وہ سامان کبھی آیا ہی نہیں۔

 مالی مدد فراہم کرنے پر آشیش لتا سے منافع میں سے ایک حصہ دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔خیال رہے کہ آشیش لتا سیاسی کارکن ایلا گاندھی اور مرحوم میوا رام گوبند کی بیٹی ہیں۔ایلا گاندھی منی لال گاندھی کی بیٹی ہیں جو مہاتما گاندھی کے چار بیٹوں میں سے دوسرے نمبر پر تھے۔جنوبی افریقہ کی اسپیشلائزڈ کمرشل کرائم کورٹ کی جانب سے انہیں مجرم قرار دینے اور سزا کے خلاف اپیل کے حق سے بھی محروم کیا گیا ہے۔

 آشیش لتا رام گوبن کے خلاف کیس کا ٹرائل 2015 میں شروع ہوا تھا، اس وقت نیشنل پروسیکیوٹنگ اتھارٹی (این پی اے) کے بریگیڈیئر ہنگوانی ملودزی نے کہا تھا کہ انہوں نے ممکنہ سرمایہ کاروں کو راضی کرنے کے لیے مبینہ طور پر جعلی انوائسز اور دستاویزات فراہم کی تھیں کہ بھارت سے لینن کے 3 کنٹینر بھیجے جارہے ہیں۔ اس وقت لتا رام گوبن کو 50 ہزار رانڈ کے عوض ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔