انتاناناریوو/ آواز دی وائس
مڈغاسکر میں اقتدار پر قبضہ کرنے والے فوجی افسر نے بدھ کو دعویٰ کیا کہ وہ جلد ہی صدر کا عہدہ سنبھال لیں گے۔ فوجی بغاوت کی قیادت کرنے والے کرنل مائیکل رینڈریانیرینا نے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ انہیں توقع ہے کہ چند دنوں میں وہ مڈغاسکر کے نئے رہنما کے طور پر حلف اٹھائیں گے۔
فوجیوں کے بغاوت کی وجہ سے صدر انڈری راجویلینا ملک چھوڑ کر جا چکے ہیں۔ رینڈریانیرینا نے منگل کو اعلان کیا تھا کہ مسلح افواج مڈغاسکر میں اقتدار سنبھال رہی ہیں، جس سے راجویلینا اور ان کی حکومت کے خلاف بنیادی طور پر نوجوان گروپوں کے کئی ہفتوں سے جاری احتجاج کا خاتمہ ہو گیا۔
رینڈریانیرینا نے کہا کہ ملک کی اعلیٰ عدالت کی طرف سے انہیں راجویلینا کی غیر موجودگی میں صدر کے طور پر یہ عہدہ سنبھالنے کی دعوت دی گئی، جس کے بعد وہ حلف اٹھانے کے لیے تیار ہیں۔
رینڈریانیرینا نے کہا کہ ہمیں کل ذمہ داری سنبھالنی پڑی کیونکہ ملک میں نہ صدر ہیں، نہ سینیٹ کے صدر اور نہ ہی حکومت۔ رینڈریانیرینا نے کہا کہ نئی فوجی قیادت جلد ہی ایک نئے وزیرِ اعظم کا تقرر کرے گی جو حکومت تشکیل دے گا۔
تاہم، انہوں نے اس کے لیے کسی مخصوص وقت کی حد نہیں بتائی۔