پاکستان میں آج سے لانگ مارچ، افراتفری کا عالم

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
پاکستان میں آج سے لانگ مارچ، افراتفری کا عالم
پاکستان میں آج سے لانگ مارچ، افراتفری کا عالم

 

 

پشاور: پاکستان تحریک انصاف نے آج خیبر پختونخوا سے لانگ مارچ کی صورت میں اسلام آباد آنے کا اعلان کر رکھا ہے، جس کی قیادت پارٹی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کریں گے۔ 

عمران خان نے وفاقی دارالحکومت میں کشمیر ہائی وے پر پُرامن احتجاج کا اعلان کیا تھا تاہم اتحادی حکومت نے سابقہ ریکارڈ مدنظر رکھتے ہوئے اور نقص امن کے خدشات کے تحت انہیں اجازت نہ دی، جس کے بعد بدھ کو رات گئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ڈی چوک پر آنے اور دھرنا دینے کا اعلان کر دیا

دوسری جانب نقص امن کے خدشے کے پیش نظر حکومت نے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ بھی شروع کر رکھا ہے۔

تعلیمی اداروں اور موبائل فون سگنلز کی بندش

یاد رہے کہ 25 مئی کو اسلام آباد کے تمام تعلیمی اداروں میں راستوں کی بندش کے باعث تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے جبکہ آج ہونے والے نویں دسویں اور او/اے لیول کے امتحانات بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ تاہم وزارت داخلہ کے مطابق پاکستان کےکسی بھی علاقے میں موبائل فون یا انٹرنیٹ سروس بند کرنے کا تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

اسلام آباد میں سیکیورٹی اور راستوں کی صورت حال وفاقی حکومت نے پی ٹی آئی کو لانگ مارچ کی اجازت نہ دینے کے ساتھ ہی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو سیل کردیا ہے جبکہ پنجاب سے اسلام آباد جانے والے راستے بند کرنے کے ساتھ ساتھ پشاور سے اسلام آباد داخلے کے لیے اٹک پُل پر بھی کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں۔

فیض آباد کے مقام پر بھی کنٹینرز موجود ہیں جبکہ ریڈ زون کو مکمل سیل کر کے صرف مارگلہ روڈ کو آمدورفت کے لیے کھلا چھوڑا گیا ہے تاکہ سائلین سپریم کورٹ جا سکیں۔ حکومت نے اس بات کی یقین دہانی کرائی تھی کہ مرکزی شاہراہوں کے بند ہونے پر عوام کو تکلیف سے بچانے کے لیے متبادل راستے مہیا کیے جائیں گے۔ اسلام آباد پولیس کی جانب سے شہریوں کے لیے متبادل راستوں کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

سینیٹر اعجاز چوہدری کو گرفتار کر لیا گیا

پی ٹی آئی پنجاب پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما اور سینیٹر اعجاز چوہدری کو گرفتار کر لیا ہے۔ بدھ کی صبح پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤئنٹ سے دعوی کیا گیا کہ اعجاز چوہدری کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ قبل ازیں پنجاب میں پی ٹی آئی کے رہنما میاں محمود الرشید کو بھی پولیس نے ایم پی او کے تحت گرفتار کر لیا تھا۔

میں آرہا ہوں

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ وہآج کشمیر ہائی وے سے ہوتے ہوئے ڈی چوک پہنچیں گے۔ عمران خان نے منگل کو رات گئے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ’اس حقیقی آزادی مارچ کے ذریعے ہم باہر سے بٹھائے گئے ان پُتلوں سے آزاد ہوجائیں گے۔‘ ’عوام سے درخواست ہے کہ ملک بھر سے نکلیں۔

خاص طور پر چاہوں گا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے لوگ نکلیں۔ ہم اگر نہیں نکلیں تو آئندہ نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔ حقیقی آزادی کے لئے عوام دیگر شہروں سے بھی نکلیں‘ ’ہمارا ایک مقصد ہے اسمبلی تحلیل کریں اور نئے الیکشنز کرائیں۔ اگر ہم کامیاب ہوگئے تو ان کٹھ پتلیوں سے بھی آزاد ہو جائیں گے۔