کورونا کاملا پہلا کیس، نافذ ہوا کینبرا لاک ڈاؤن

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 12-08-2021
علامتی تصویر
علامتی تصویر

 

 

کینبرا

رواں سال کورونا وائرس کا پہلاکیس سامنے آنے پر آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبرا میں ایک ہفتے کا لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔

مزید 2 اموات کے بعد آسٹریلیا میں حالیہ کورونا وائرس کی وباء سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 36 ہو گئی۔

آسٹریلیا کے شہر سڈنی اور میلبرن میں کورونا وائرس کے ڈیلٹا ورینٹ کا پھیلاؤ جاری ہے، جس کی وجہ سے سڈنی کے علاقوں میں پابندیاں مزید سخت کر دی گئی ہیں، سڈنی میں پہلے ہی لاک ڈاؤن ہے۔

 ذرائع کے مطابق لاک ڈاؤن قوانین پر عمل درآمد کرانے کے لیے آسٹریلوی صوبے نیو ساؤتھ ویلز حکام نے مزید فوجی اہلکار بلانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

نیو ساؤتھ ویلز میں مقامی منتقلی کے 345 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ زیادہ تر کیسز صوبائی دارالحکومت سڈنی میں رپورٹ ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا میں کورونا وائرس کی وباء سے مجموعی اموات 947 ہو چکی ہیں، جہاں اس کے اب تک کُل کیسز 37 ہزار 754 رپورٹ ہوئے ہیں۔

دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 20 کروڑ 55 لاکھ 34 ہزار 964 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے اموات 43 لاکھ 37 ہزار 522 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 1 کروڑ 66 لاکھ 99 ہزار 618 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 1 لاکھ 2 ہزار 1 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جب کہ 18 کروڑ 44 لاکھ 97 ہزار 824 کورونا مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔