پاکستان میں بڑھاکورونا،سندھ میں لاک ڈائون

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
پاکستان میں بڑھاکورونا،سندھ میں لاک ڈائون
پاکستان میں بڑھاکورونا،سندھ میں لاک ڈائون

 

 

کراچی

پاکستان میں کورونا کے معاملے بڑھ گئے ہیں۔اس سے پورے ملک میں خوف وہراس کی کیفیت ہے۔ سندھ بھر بالخصوص کراچی میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیاہے، لاک ڈاؤن اور پابندیوں کا اطلاق سندھ بھر میں ہوگا۔

کراچی میں وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں صوبائی کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس کی صدارت وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کی۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ، صوبائی وزراء اور پارلیمانی لیڈرز شریک ہوئے، شرکائے اجلاس کو کورونا وائرس کے کیسز کی صورتِ حال پر بریفنگ دی گئی۔

سندھ کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں کراچی میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے کچھ شعبوں میں رعایتوں کے ساتھ مزید پابندیاں لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پابندیوں کا اطلاق 8 اگست تک ہو گا۔

۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ہفتے سے سرکاری دفاتر بند کر دیئے جائیں گے، جو ویکسین نہیں لگائے گا اس کو 31 اگست کے بعد تنخواہ نہیں ملے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ جو شخص روڈ پر آئے گا اس کا ویکسی نیشن کارڈ چیک کیا جائے گا، صوبے کی تمام مارکیٹیں بند رہیں گی، انٹر سٹی ٹرانسپورٹ بند رہے گی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایکسپورٹ کے شعبے کو کچھ رعایت دی جائے گی، ایکسپورٹ انڈسٹری کھلی رہے گی، صوبے بھر میں تمام میڈیکل اسٹورز کھلے رہیں گے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس کے تمام فیصلوں پر محکمۂ داخلہ سندھ تفصیلات کے ساتھ نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام اپوزیشن کے ایم پی ایز، کاروباری حضرات اور ڈاکٹرز نے سندھ حکومت کے فیصلے کو سپورٹ کیا، کورونا وائرس کی صورتِ حال پر میں نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کے لیے اپوزیشن اراکین اور کاروباری شخصیات کو صوبائی کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں مدعو کیا۔ وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ ایک وباء ہے، میں چاہتا ہوں کہ ہم سب کی اس حوالے سے ایک آواز ہونی چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ کل صوبے بھر کے علماء سے اجلاس کیا ہے، جس میں انہیں بھی کورونا وائرس کی موجودہ صورتِ حال سے آگاہ کیا ہے۔ سیکریٹری صحت سندھ ڈاکٹر کاظم جتوئی نے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ سندھ بھر میں کورونا وائرس کی تشخیصی شرح 13 اعشاریہ 7 فیصد ہو گئی ہے، کل صوبے میں کورونا کے 45 مریض انتقال کر گئے۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ میں اس وقت 39 ہزار 958 کورونا مریض ہیں جن میں سے 1 ہزار 410 اسپتالوں میں داخل ہیں، 102 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں، 1 ہزار 192 کورونا مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔