زنتان: لیبیا میں ایک بار پھر سیاسی کشیدگی عروج پر پہنچ گئی ہے۔ شہر زنتان میں چار نامعلوم مسلح افراد نے گھر میں گھس کر سیف الاسلام قذافی کو گولیوں کا نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا۔ یہ واردات اس وقت انجام دی گئی جب سیف الاسلام اپنے گھر کے باغ میں ٹہل رہے تھے۔
سیف کی عمر 53 برس تھی۔ لیبیائی حکام اور خاندانی ذرائع نے منگل کے روز اس واقعے کی تصدیق کی۔ سیف الاسلام قذافی لیبیا کے سابق آمر معمر قذافی کے بیٹے تھے۔ ایک وقت ایسا بھی تھا جب انہیں اقتدار کا سب سے مضبوط دعوے دار سمجھا جاتا تھا۔ یہی نہیں، اپنے والد کے دورِ حکومت میں وہ سب سے طاقتور شخصیات میں شمار ہوتے تھے۔ اگرچہ ان کے قتل کی وجہ ابھی تک واضح نہیں ہو سکی، لیکن اس واقعے نے ایک بار پھر لیبیا کی غیر مستحکم سکیورٹی صورتحال اور طویل سیاسی کشمکش کو سرخیوں میں لا دیا ہے۔
لیبیائی میڈیا کے مطابق، سیف الاسلام کے وکیل خالد الجایدی اور سیاسی نمائندوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انہیں شمال مغربی لیبیا کے شہر زنتان میں ان کے گھر پر قتل کیا گیا۔ ان کی سیاسی ٹیم کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چار نقاب پوش مسلح افراد نے ان کی رہائش گاہ میں داخل ہو کر سکیورٹی کیمروں کو ناکارہ بنا دیا اور جھڑپ کے بعد انہیں گولی مار دی۔
لیبیائی حکام نے اس قتل کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اس قتل کے پیچھے کیا مقصد تھا اور یہ سازش کس کے اشارے پر رچی گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ حملہ آور ایک کمانڈو یونٹ سے تعلق رکھتے تھے۔
سیف الاسلام قذافی، معمر قذافی کے دوسرے نمبر کے بیٹے تھے اور انہیں طویل عرصے تک قذافی حکومت کا جانشین سمجھا جاتا رہا۔ وہ تعلیم یافتہ تھے اور بین الاقوامی سطح پر بھی ان کی ایک الگ شناخت تھی، تاہم 2011 کی بغاوت کے بعد ان کا سیاسی کردار متنازع ہو گیا تھا۔