افغانستان میں قیام امن کے لیے پاک، افغان علما پر مشتمل کانفرنس کا آغاز

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 11-06-2021
 کانفرنس کا آغاز
کانفرنس کا آغاز

 

 

رابطہ عالم اسلامی کے تحت افغانستان میں قیام امن کے لیے پاک، افغان علما پر مشتمل کانفرنس کا آغاز ہو چکا ہے۔ افغانستان میں قیام امن کانفرنس سعودی عرب کی سرپرستی میں ہو رہی ہے۔ سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے نے کہا ہے کہ کانفرنس کا مقصد رابطہ عالم اسلامی کے کردار کو واضح کرنا ہے جو امت مسلمہ کے باہمی اختلافات اور نزاعات کو دور کرنے اور امن واستحکام کو فروغ دینے کے لیے ادا کیا جاتا ہے۔

کانفرنس کے افتتاحی اجلاس میں رابطہ عالم اسلامی کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد عبد الکریم العیسی شریک رہے۔ علاوہ ازیں پاکستان کے وزیر اسلامی امور ڈاکٹر نور الحق قادری اور افغانستان کے وزیر حج واوقاف شیخ محمد قاسم حلیمی اور دونوں ملکوں کے علمابھی شریک ہیں۔

کانفرنس پانچ ادوار پر مشتمل ہے جس میں علما کرام اسلام میں امن و اعتدال اور مصالحت کے علاوہ اسلام میں انسان کی زندگی اور سلامتی کی اہمیت پر خطاب کریں گے۔ امن اور علاقائی سلامتی سمیت علما کرام کا معاشرے کو صحیح نہج پر رہنمائی کرنے کا کردار بھی کانفرنس کا حصہ ہے۔ آخر میں کانفرنس کا اعلامیہ جاری ہوگا نیز افغانستان میں قیام امن کا اعلان کیا جائے گا۔ دریں اثنا شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے کانفرنس کے انعقاد کو سراہتے ہوئے افغانستان میں قیام امن کے لئے سعودی عرب کی کوششوں کی تعریف کی ہے۔ اس حوالے سے وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی امور اور مشرق وسطی طاہر اشرفی نے ارود نیوز کو بتایا تھا کہ کہ پاکستان اور سعودی عرب افغانستان میں امن کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد سلمان کے مشکور ہیں کہ ان کی سرپرستی میں رابطہ عالم اسلامی نے اس کانفرنس کا انعقاد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور سعودی ولی عہد کی ملاقات میں بھی عالم اسلام کے مسائل کے حل کے لیے بات چیت ہوئی اسی تناظر پاکستان خطے میں امن کے لیے کوشاں ہے۔