لندن / آکسفورڈ
اسلامی تعلیمات کے ایک بڑے مرکز کی بین الاقوامی سطح پر سرگرمی اور وابستگی ,آج کی دنیا میں پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہو چکی ہے۔ اس سنگِ میل سالگرہ کے موقع پر، میں صرف یہی کہہ سکتا ہوں کہ مجھے بے حد فخر اور دلی تحسین کے ساتھ آپ سب کے ساتھ یہاں موجود ہونے کا اعزاز حاصل ہو رہا ہے تاکہ اس غیر معمولی مرکز کو خراجِ تحسین پیش کر سکوں، جو گزشتہ چار دہائیوں سے برطانیہ میں اسلامی دنیا کی تفہیم کو وسعت دینے کے لیے مسلسل اور انتھک کام کر رہا ہے۔
کنگ چارلس نے ان تاثرات کا اظہار آکسفورڈ سینٹر فار اسلامک اسٹڈیز کے 40 سال پورے ہونے کے موقع پر خطاب میں کیا ، دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے اپنی تقریر کا آغاز "السلام علیکم" سے کیا
اُس موقع پر انہوں نے جمعرات کے روز آکسفورڈ سینٹر فار اسلامک اسٹڈیز میں "کنگ چارلس سوم وِنگ" کا باضابطہ افتتاح کیا۔ یہ ادارہ اُن کی سرپرستی میں کام کرتا ہے۔ اس مرکز کی موجودہ عمارت کا افتتاح 1990 کی دہائی کے اوائل میں اُس وقت کے پرنس آف ویلز (کنگ چارلس) نے کیا تھا، اور 2012 میں اسے ملکہ الزبتھ دوم مرحومہ کی جانب سے شاہی چارٹر عطا کیا گیا تھا۔
اسلامک سینٹر میں کنگ چارلس کا استقبال کرتے ہوئے ڈاکٹر فرحان نظامی
اپنی مختصر تقریر میں بادشاہ نے کہا کہ انہوں نے اس مرکز کو "ایک معمولی سی جھونپڑی سے ایک بین الاقوامی شہرت یافتہ ادارے" میں تبدیل ہوتے دیکھا ہے۔کنگ چارلس، جن کی عمر 76 برس ہے اور جو طویل عرصے سے اسلام اور اسلامی دنیا میں دلچسپی رکھتے آئے ہیں، نے اس مرکز کی 40ویں سالگرہ کے موقع پر اس کا دورہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ سال 1985 میں اپنے نہایت سادہ آغاز سے (جب ن ڈاکٹر نظامی کے اور نہ میرے بال اتنے سفید تھے!)، میں نے اس مرکز کو سینٹ کراس روڈ پر ایک چھوٹی سی جھونپڑی سے ایک عالمی شہرت یافتہ ادارے میں تبدیل ہوتے دیکھا ، جو اب ان شاندار عمارت میں قائم ہے۔ ان برسوں کے دوران یہاں بے شمار دلچسپ مقررین نے خطاب کیا، نوجوانوں اور بزرگوں دونوں کے لیے بے شمار مواقع پیدا کیے گئے، اور اس سفر میں کئی دیرپا اور گہری دوستیاں بھی قائم ہوئیں۔"
کنگ چارلس اسلامک سینٹر میں
کنگ چارلس نے مزید کہا کہ مرکز کی معروضی علمی تحقیق، بین الاقوامی تعاون، مکالمے، گہرے فہم اور باہمی احترام جیسے اصولوں پر قائم وابستگی آج کی دنیا میں پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہو چکی ہے۔بادشاہ چارلس نے اس ادارے کی اس مسلسل کوشش کو بھی سراہا کہ وہ برطانیہ میں اسلامی دنیا کی تفہیم کو وسعت دینے کے لیے انتھک کام کر رہا ہے۔
یہ دورہ کنگ چارلس کے ماضی کے ایک اہم لمحے کی یاد تازہ کرتا ہے؛ جب وہ 1993 میں پرنس چارلس کی حیثیت سے آکسفورڈ سینٹر فار اسلامک اسٹڈیز (OCIS) میں ایک مشہور تقریر کر چکے ہیں، جس میں انہوں نے مغرب میں اسلام کو بار بار غلط سمجھنے کے رجحان پر روشنی ڈالی تھی۔ کئی دہائیوں بعد بھی بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے ان کی وکالت اُن کی عوامی خدمت کا بنیادی ستون بنی ہوئی ہے۔اس سالگرہ کی استقبالیہ تقریب میں مختلف مذاہب کے رہنماؤں نے شرکت کی، جن میں بشپ آف آکسفرڈ اسٹیفن کرافٹ اور نائیجیریا کی مسلم برادری کے بااثر روحانی پیشوا سلطان محمد سعد ابوبکر سوم شامل تھے، جو انتہاپسند گروہوں جیسے بوکوحرام کے خلاف اپنی واضح اور مضبوط آواز کے لیے جانے جاتے ہیں۔
کنگ چارلس تقریر کرتے ہوئے
کنگ چارلس نے خاص طور پر ان افراد کے کام کو سراہا جو مذاہب کے درمیان فاصلے مٹانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، خاص طور پر اُن عالمی تنازعات کے تناظر میں جو اس وقت اسرائیل، غزہ، یمن اور ایران جیسے خطوں میں جاری ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مجھے کہنے کی ضرورت نہیں کہ یہ جان کر مجھے بے حد تقویت ملی ہے کہ یہ مرکز آج بھی اس عالمی سطح پر نہایت اہم مشن میں اتنا کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔آکسفورڈ یونیورسٹی سے وابستہ OCISمغربی اور اسلامی تہذیبوں کے درمیان ایک اہم "نقطۂ ملاقات" کی حیثیت رکھتا ہے، جو اپنی تعلیمات اور لیکچرز کے ذریعے اسلامی دنیا کے تعلیمی مطالعے اور عوامی فہم کو بڑھاوا دیتا ہے۔اس موقع پر کنگ چارلس نے مرکز کے نئے حصے "کنگ چارلس سوم وِنگ" کا باضابطہ افتتاح بھی کیا، جو کہ اس ادارے کے ساتھ ان کی دیرینہ وابستگی کا مظہر ہے۔
مرکز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فرحان نظامی نے کہا کہ یہ ادارہ "دنیا بھر سے اسکالرز کو ایک محفوظ ماحول میں اکٹھا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جہاں وہ اپنے خیالات کا تبادلہ کر سکتے ہیں، اور ساتھ ہی ساتھ طلبہ کو شہر میں تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب بھی دیتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میرا خیال ہے کہ خود اس مرکز کی موجودگی ہی بین المذاہب ہم آہنگی کا ایک پیغام ہے۔