خامنہ ای کو رمضان کے دوران تلاوت قرآنِ مجید کرتے وقت شہید کیا گیا: مجتبیٰ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 13-03-2026
خامنہ ای کو رمضان کے دوران تلاوت قرآنِ مجید کرتے وقت شہید کیا گیا: مجتبیٰ
خامنہ ای کو رمضان کے دوران تلاوت قرآنِ مجید کرتے وقت شہید کیا گیا: مجتبیٰ

 



تہران: ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے پہلے آڈیو پیغام میں انکشاف کیا کہ ان کے والد اور ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کو 10 رمضان کے دن اُس وقت شہید کیا گیا جب وہ قرآنِ مجید کی تلاوت میں مصروف تھے۔ اپنے خطاب میں مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ یہ واقعہ ایسے نازک وقت میں پیش آیا جب مشرقِ وسطیٰ پہلے ہی شدید تناؤ اور جنگی صورتحال سے گزر رہا ہے۔

ان کے بقول اس سانحے نے ایرانی عوام کو گہرے غم اور صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ صبر، حوصلے اور یکجہتی کا مظاہرہ کرے اور ملک کو درپیش چیلنجز کا مل کر مقابلہ کرے۔ مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے پیغام میں اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ ایران اپنے دشمنوں کے سامنے کبھی سر نہیں جھکائے گا اور اپنے شہداء کے خون کا حساب ضرور لے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک اپنی خودمختاری اور دفاع کے لیے ہر سطح پر ڈٹ کر کھڑا رہے گا۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ آیت اللّٰہ علی خامنہ ای طویل عرصے تک ایران کی سیاسی اور مذہبی قیادت کا مرکزی کردار رہے اور ان کی رہنمائی نے ایران کی اندرونی اور بیرونی پالیسیوں کی سمت متعین کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔