کراچی : پاکستان کے ساحلی شہر کراچی میں مقامی تھیٹر گروپ "ماوج" نے اپنے جرات مندانہ اسٹیج ڈرامے رامائن کے ذریعے فنون لطیفہ کی دنیا میں ایک منفرد مثال قائم کر دی ہے۔ہفتے کے اختتام پر آرٹس کونسل کراچی میں پیش کیے گئے اس ڈرامے کو نہ صرف شائقین کی بھرپور پذیرائی ملی بلکہ ناقدین نے بھی اس کی پیشکش، اداکاری اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو سراہا۔ڈرامے کے ہدایت کار یوہیشور کریرا نے اس موقع پر کہا"میرے لیے رامائن کو اسٹیج پر زندہ کرنا ایک بصری جشن تھا۔ میں نے کبھی یہ نہیں سوچا تھا کہ اس کی وجہ سے مجھے کسی مخالفت یا خطرے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ بلکہ اس تجربے نے یہ ثابت کر دیا کہ پاکستانی سماج اس سے کہیں زیادہ روادار ہے جتنا عام طور پر سمجھا جاتا ہے۔"

کریرا نے بتایا کہ شو کو زبردست پذیرائی ملی ہے اور ناقدین نے خاص طور پر اس کی پروڈکشن، اداکاری اور جدید لائٹنگ و میوزک کے امتزاج کی تعریف کی ہے۔فلم اور آرٹ نقاد عمیر علوی نے اپنے تاثرات میں کہا کہ "رامائن جیسی کہانیاں پوری دنیا کے لوگوں کو جوڑتی ہیں۔ ماوج کی پیشکش میں جس ایمانداری سے کہانی سنائی گئی، اور جس خوبصورتی سے روشنی، موسیقی، ملبوسات اور اسٹیج ڈیزائن کو ہم آہنگ کیا گیا، وہ قابل تحسین ہے۔"
ڈرامے میں سیتا کا کردار نبھانے والی اور پروڈیوسر رانا کاظمی نے کہا کہ ہم چاہتے تھے کہ سامعین اس قدیم کہانی کو صرف سنیں نہیں، بلکہ اسے ایک زندہ تجربے کے طور پر محسوس کریں۔ اور ہمیں خوشی ہے کہ ہم اس میں کامیاب رہے۔"
جدید آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) کے استعمال سے اس قدیم ہندو مہاکاوی کو اسٹیج پر زندگی دینے کی اس کوشش کو ناقدین نے پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی اور تخلیقی اظہار کی روشن مثال قرار دیا ہے۔ماوج تھیٹر گروپ کا یہ ڈرامہ پاکستانی اسٹیج کی تاریخ میں فن اور رواداری کے حسین امتزاج کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔