کراچی : دھماکے میں ایک ہلاک

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 13-05-2022
کراچی : دھماکے میں ایک ہلاک، تیرہ افراد زخمی
کراچی : دھماکے میں ایک ہلاک، تیرہ افراد زخمی

 

 

کراچی :پاکستان میں پھر ایک دھماکہ ہوا -کراچی کے علاقے صدر میں آج رات ہونے والے دھماکے سے تاحال ایک ہلاکت اور تیرہ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جب کہ دھماکے سے کئی نجی املاک کو نقصان پہنچا۔

 دھماکا کوڑا پھینکنے کی جگہ کے پاس سرکاری نمبر پلیٹ والی گاڑی کے قریب ہوا۔ پولیس کے مطابق دھماکا مرشد بازار کے قریب ایک بیکری اور ہوٹل کے باہر ہوا۔ دھماکے سے قریبی ہوٹلوں اور رہائشی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

دھماکے کے بعد جائے وقوع پر پولیس سمیت بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کر لیا گیا ہے۔ وزیر اطلاعات شرجیل میمن کے مطابق علاقے کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ جناح ہسپتال کے پروفیسر ڈاکٹر شاہد رسول کے مطابق تیرہ افراد زخمی ہیں اور ایک فرد کے ہلاک ہو جانے کی انہوں نے تصدیق کی ہے۔ مریض اس وقت جناح ہسپتال کی ایمرجنسی میں ہیں جن میں سے چار کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق ہلاک شخص کے جسم پر بال بیئرنگ کے زخم ملے ہیں۔

بم ڈسپوزل سکواڈ کے افسر نے بتایا کہ دھماکے کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے. دھماکے میں ڈیوائس استعمال کی گئی ہے۔ ’بظاہر لگتا ہے کہ اس کا کوئی خاص ہدف نہیں تھا. ٹائم ڈیوائس کے ذریعے دھماکہ کیا گیا ہے۔‘ ان کے مطابق بم سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔ دوسری جانب وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے صدر میں دھماکے کا نوٹس لیا ہے۔

صوبائی حکومت کے ایک ترجمان کے مطابق وزیراعلی سندھ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی اور کمشنر کراچی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے پولیس، رینجرز اور ضلعی انتظامیہ کو جائے واقعہ پر پہنچ کر لوگوں کی مدد کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ وزیر اعلی سندھ نے سول اسپتال اور جناح اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا حکم بھی دے دیا ہے۔