کملا ہیرس امریکہ کی تاریخ کی پہلی قائم مقام خاتون صدر

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 20-11-2021
 کملا ہیرس امریکہ کی تاریخ کی پہلی قائم مقام خاتون صدر
کملا ہیرس امریکہ کی تاریخ کی پہلی قائم مقام خاتون صدر

 

 

واشنگٹن : امریکی صدر جو بائیڈن جمعہ کو طبی معائنے کے دوران نائب صدر کملا ہیرس کو مختصر دورانیے کے لیے اقتدار منتقل کریں گے۔وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ معمول کے طبی معائنے کے دوران صدر جو بائیڈن کی کلونو سکوپی کی جائے گی جس کے لیے انہیں اینستھیزیا دیا جائے گا۔

صدر جو بائیڈن اپنی 79 ویں سالگرہ کے دن جمعہ کی صبح دارالحکومت واشنگٹن سے کچھ دور واقع والٹر ریڈ میڈیکل سینٹر گئے تھے۔ جو بائیڈن امریکی تاریخ میں صدارت کے منصب پر فائز ہونے والے سب سے عمر رسیدہ صدر ہیں۔ واضح رہے کہ جنوری میں عہدہ سنبھالنے کے بعد صدر بائیڈن کا یہ پہلا طبی معائنہ ہے۔

کلونو سکوپی کے دوران جو بائیڈن کو بے ہوش کیا جائے گا اور ماضی کی طرح نائب صدر اقتدار سنبھالیں گی، جس میں امریکی مسلح افواج اور جوہری ہتھیاروں کے ذخیرے پر کنٹرول شامل ہے۔

پریس سیکریٹری جین پساکی نے کہا کہ ’صدر بائیڈن مختصر مدت کے لیے نائب صدر کو اقتدار منتقل کریں گے جب وہ بے ہوشی کی حالت میں ہوں گے۔ نائب صدر اس دوران ویسٹ ونگ میں اپنے دفتر سے کام کریں گی۔ خیال رہے کہ 57 سالہ کملا ہیرس نائب صدر کے عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون ہیں۔

امریکہ کے آئین میں 25 ویں ترمیم کے مطابق جو بائیڈن سینیٹ کے عارضی صدر اور ایوان نمائندگان کے سپیکر کو دستخط شدہ خط لکھیں گے جس میں آگاہ کریں گے کہ وہ اینستھیزیا کے دوران اپنے فرائض نبھانے سے قاصر ہوں گے لہٰذا کملا ہیرس قائم مقام صدر ہوں گی۔

کملا ہیرس امریکہ کی تاریخ میں پہلی سیاہ فام ایشیائی نژاد نائب صدر ہیں جو قائم مقام صدر بن کر تارخ رقم کریں گی۔

طبی معائنہ مکمل ہونے اور صدارتی فرائض واپس سنبھالنے پر جو بائیڈن دوبارہ کانگریس کے ان عہدیداروں کو خط لکھیں گے۔

جین پساکی نے بتایا کہ آئین کے مطابق اقتدار کی عارضی منتقلی سال 2002 اور 2007 میں بھی ہوئی تھی جب صدر جارج ڈبلیو بش کو اسی قسم کے طبی مرحلے سے گزرنا پڑا تھا۔ جو بائیڈن کی صحت سے متعلق تفصیلات پر نظر رکھنا اس لیے بھی ضروری ہے کیونکہ صدر جو بائیڈن کے آئندہ صدارتی انتخابات لڑنے کے ارادے کو مدنظر رکھتے ہوئے بھی ان کی صحت سے متعلق تفصیلات کو اہمیت دی جا رہی ہے کہ وہ اپنے ارادے پر قائم رہ سکیں گے۔

انہوں نے صدر منتخب ہونے سے ایک سال قبل وعدہ کیا تھا کہ اپنی صحت کے تمام پہلوؤں سے متعلق ووٹرز کو ’مکمل شفافیت‘ کے ساتھ آگاہ رکھیں گے۔

 وائٹ ہاؤس نے اس سال کے شروع میں یہ بھی کہا تھا کہ جو بائیڈن کے حتمی چیک اپ کے نتائج سے متعلق عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔