کابل: طالبان امام باڑے میں ۔ محرم کی مجلس میں شرکت

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 18-08-2021
طالبان کی مجلس میں شرکت
طالبان کی مجلس میں شرکت

 

 

کابل: افغانستان میں بہت کچھ بدل گیا یا پھر کہہ سکتے ہیں کہ سب کچھ بدل گیا۔مگر سب سے زیادہ جس بات نے دنیا کو چوکنا دیا ہے وہ طالبان کا بدلتا انداز اور مزاج ہے۔

جس کا ایک اور نمونہ کل ملا جب کابل کے ایک امام باڑے میں طالبان کی سیاسی قیادت نے دورہ کیا اور محرم کی مجلس میں شرکت کی ۔افغانستان کی مذہبی سیاست میں یہ ایک بڑی تبدیلی مانی جارہی ہے۔

 یاد رہے کہ محرم الحرام کا مہینہ جاری ہے اور افغانستان میں آئندہ جمعہ کو ’یوم عاشورہ‘ کو طالبان کا پہلا سیاسی امتحان مانا جارہا ہے۔

 طالبان کے لیڈروں کا امام باڑے کا رخ کرنا اور شیعہ برادری کو اس بات کا یقین دلانا کہ محرم کے دوران کسی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ نہیں ہوگا ایک بڑی تبدیلی کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

سوشل میڈیا پرایک ویڈیو اورکچھ تصاویرگردش کررہی ہیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طالبان رہنما ہزارہ محلے دشتِ برچی میں ہونے والی مجلس میں شریک ہوئے اور شیعہ برادری کو تحفظ کی یقین دہانی کرائی۔

افغان میڈیا کے مطابق طالبان کی موجودگی میں کابل میں محرم الحرام کے جلوس اور مجالس کا اہتمام بھی کیا جارہا ہے۔کل کابل میں محرم کا جلوس بھی نکالا گیا۔ کسی نے اس میں کوئی رخنہ اندازی نہیں کی ۔

 

 ایک ویڈیو میں طالبان کے ایک لیڈر کو شیعہ محفل کو خطاب کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔جس میں وہ کہہ رہا ہے کہ ایسے کچھ بیانات اور پوسٹر جاری کیے گئے ہیں کہ طالبان شیعوں کے خلاف ہیں۔

 مگر میں آپ لوگوں سے ایک بات واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ایسا کچھ نہیں ۔ ہمارے نظریات داعش جیسے نہیں۔ ہم سب کا احترام کرتے ہیں ۔

 وہ لیڈر مزید کہتا ہے کہ آپ شیعہ حضرات نہ صر پیغمبر اسلام کا احترام کرتے ہیں بلکہ صحابہ کو بھی مانتے ہیں ۔ خلفہ راشیدین کا بھی احترام کرتے ہیں۔ ہم سب کے مسائل کے حل کریں گے وہ خواہ شیعہ ہو یا سنی

 دراصل بات صرف زبانی نہیں تھی کابل کی سڑکوں پر جس آزادی کے ساتھ محرم کا جلوس نکل رہا تھا وہ قابل دید تھا۔ ایک اہم نظارہ یہ تھا کہ کابل کی سڑکوں کے  بجلی کے کھمبوں پر محرم کے پرچم لہرا رہے ہیں۔کہیں بھی ایسی حرکت نہیں ہوئی جو طالبان کے خلاف جائے۔