جاپان کا ہندوستان میں 68 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 21-08-2025
جاپان کا ہندوستان میں 68 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ
جاپان کا ہندوستان میں 68 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ

 



ٹوکیو/نئی دہلی: جاپان آئندہ دس برسوں کے دوران ہندوستان میں 10 ٹریلین ین، یعنی تقریباً 68 ارب امریکی ڈالر کی نجی سرمایہ کاری کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ توقع ہے کہ اس اہم منصوبے کا اعلان وزیر اعظم نریندر مودی کے رواں ماہ کے آخر میں ہونے والے جاپان کے سرکاری دورے کے دوران کیا جائے گا۔ معروف جاپانی خبر رساں ادارے 'کایوڈو نیوز' نے حکومتی ذرائع کے حوالے سے یہ اطلاع دی ہے۔

یہ مجوزہ سرمایہ کاری 2022 میں کیے گئے اس اعلان کا توسیعی حصہ ہوگی، جس میں جاپان نے پانچ برسوں میں ہندوستان میں پانچ کھرب ین کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا تھا۔ نئے معاہدے کا اعلان ایسے وقت میں متوقع ہے جب ہندوستان اور جاپان، چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کے درمیان، "آزاد اور کھلے ہند-بحرالکاہل" کے تصور کو فروغ دینے کے لیے اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم نریندر مودی کی تین روزہ جاپانی دورے کا آغاز 29 اگست سے ہوگا۔ یہ ان کا مئی 2023 کے بعد پہلا جاپان دورہ ہے، جب وہ ہیروشیما میں منعقدہ جی-7 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے وہاں گئے تھے۔ مودی اپنے جاپانی ہم منصب شِگرو اشیبا سے ملاقات کریں گے، اور دونوں رہنما اقتصادی و اسٹریٹیجک تعلقات کے فروغ کے لیے ایک جامع مشترکہ اعلامیہ جاری کریں گے، جس میں اس نئے سرمایہ کاری ہدف کو بھی شامل کیے جانے کا قوی امکان ہے۔

دونوں ملکوں کی حکومتیں اب ایک نئے معاشی فریم ورک کی تشکیل پر کام کر رہی ہیں تاکہ معاشی سلامتی سے متعلق حساس شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔ ان شعبوں میں سیمی کنڈکٹرز، کلیدی معدنیات، مواصلاتی نظام، صاف توانائی، مصنوعی ذہانت (AI) اور دواسازی شامل ہیں۔

حکومتیں خاص طور پر ان میدانوں میں مشترکہ سرمایہ کاری اور تکنیکی شراکت داری کو فروغ دینا چاہتی ہیں جہاں ہندوستانی کمپنیوں کو مہارت حاصل ہے، تاکہ جاپانی معیشت کی ترقی میں بھی معاونت ہو سکے۔ اس دورے کے دوران ایک نئی ‘AI تعاون پہل’ (Artificial Intelligence Partnership Initiative) کا اعلان بھی متوقع ہے، جس کے تحت دونوں ممالک مصنوعی ذہانت کے شعبے میں اسٹارٹ اپس اور اختراعات کو فروغ دیں گے۔

وزیر اعظم مودی اپنے دورہ جاپان کے دوران میاگی صوبے کے سینڈائی شہر میں واقع شنکانسن بُلٹ ٹرین کار کے تجرباتی مرکز کا معائنہ کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ ایک بڑی جاپانی چپ ساز کمپنی کا بھی دورہ کریں گے، جس سے ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل شعبے میں دوطرفہ تعاون کو نئی جہت مل سکتی ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق یہ سرمایہ کاری منصوبہ نہ صرف ہندوستان کی معیشت کے لیے ایک بڑا مثبت قدم ہے بلکہ جاپان کی معیشت کے لیے بھی نئی راہیں ہموار کرے گا۔ دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹیجک اور اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے یہ دورہ ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔