نئی دہلی۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر ابو ظہبی میں ہندستان متحدہ عرب امارات اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں شرکت کے بعد پیر کو اسرائیل کا دورہ کریں گے۔ وزارت خارجہ نے یہ جانکاری دی۔وزارت خارجہ کے مطابق سر بنی یاس فورم میں شرکت کے بعد وزیر خارجہ آج ابو ظہبی میں متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کے ساتھ 16 ویں مشترکہ کمیشن اور 5 ویں اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ اس کے بعد وہ اسرائیل کا دورہ کریں گے اور اپنے ہم منصب وزیر خارجہ گیڈون ساعر کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کریں گے۔
وزیر خارجہ کا اسرائیل کا یہ دورہ 16 ویں سر بنی یاس فورم میں شرکت کے بعد ہو رہا ہے جو 12 سے 14 دسمبر تک ابو ظہبی کے مغربی خطے میں منعقد ہوا۔یہ سالانہ فورم ایک اعلی سطحی پلیٹ فارم ہے جس میں سینئر رہنما پالیسی ساز اور عالمی ماہرین شریک ہوتے ہیں۔ فورم میں علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا جاتا ہے اور امن سلامتی اور اقتصادی تعاون پر خاص توجہ دی جاتی ہے۔
خلیجی اور عرب دنیا کے رہنماؤں کے ساتھ یورپ اور ایشیا کے نمائندوں نے بھی مباحثوں میں حصہ لیا۔ شرکا میں مالدووا کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ میہائی پوپسوی مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی قبرص کے وزیر خارجہ کانسٹینٹینوس کومپوس مونٹی نیگرو کے وزیر اعظم میلوجکو اسپا جیچ اور پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار شامل تھے۔پیر کے روز ایس جے شنکر شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کے ساتھ 16 ویں ہندستان متحدہ عرب امارات مشترکہ کمیشن اجلاس اور 5 ویں اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ ان اجلاسوں میں ہندستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دو طرفہ تعاون کا جامع جائزہ لیا جائے گا۔