جے شنکر کی امریکی وزیرخارجہ ودفاع سے دوطرفہ امور پر گفتگو

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 02-07-2025
جے شنکر کی امریکی وزیرخارجہ ودفاع سے دوطرفہ امور پر گفتگو
جے شنکر کی امریکی وزیرخارجہ ودفاع سے دوطرفہ امور پر گفتگو

 



نیویارک:وزیر خارجہ ایس. جے شنکر نے منگل کو امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کی، جس دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ شراکت داری پر گفتگو کی اور علاقائی و عالمی حالات پر اپنے خیالات کا تبادلہ کیا۔ روبیو کی دعوت پر جے شنکر 30 جون سے 2 جولائی تک امریکہ کے دورے پر ہیں۔ انہوں نے 'ایکس' (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا: آج کواڈ کے وزرائے خارجہ کی میٹنگ کے دوران امریکی وزیر خارجہ روبیو سے ملاقات کر کے خوشی ہوئی۔

جے شنکر نے کہا کہ اس ملاقات میں تجارت، سلامتی، کلیدی ٹیکنالوجیز، روابط، توانائی اور سہل آمد و رفت سمیت ہندوستان-امریکہ کی دوطرفہ شراکت داری پر بات چیت ہوئی، اور علاقائی و عالمی ترقیات پر مشترکہ نقطۂ نظر" پر خیالات کا تبادلہ ہوا۔ انہوں نے امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگ سیتھ سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے 'ایکس' پر ایک اور پوسٹ میں کہا: آج واشنگٹن ڈی سی میں پیٹ ہیگ سیتھ سے ملاقات بہت سود مند رہی۔ ہند-امریکہ دفاعی شراکت داری کو آگے بڑھانے، باہمی مفادات، صلاحیتوں اور ذمہ داریوں پر ایک بامعنی گفتگو ہوئی۔دوسری طرف امریکہ نے انڈو-پیسفک (ہند و بحرالکاہل) خطے میں سلامتی سے متعلق خدشات کے پیش نظر واشنگٹن اور نئی دہلی کے درمیان باہمی شعور پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان کو دی جانے والی زیر التواء اہم دفاعی فروخت کے معاملات جلد مکمل کر لیے جائیں گے۔

وزیر خارجہ ایس. جے شنکر نے منگل کو پینٹاگون (امریکی وزارت دفاع کے ہیڈکوارٹر) میں امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگ سیٹھ سے ملاقات کے بعد کہا کہ انہوں نے ہندوستان-امریکہ دفاعی شراکت داری کو بڑھانے اور باہمی مفادات، صلاحیتوں و ذمہ داریوں پر بامعنی بات چیت کی۔

امریکی محکمہ دفاع (ڈی او ڈی) کی ایک رپورٹ کے مطابق، ہیگ سیٹھ نے کہا کہ امریکہ اور ہندوستان خطے میں سلامتی سے متعلق خدشات پر ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگ ہیں، اور دونوں ممالک کے پاس ان خطرات سے مشترکہ طور پر نمٹنے کی صلاحیت ہے۔ رپورٹ کے مطابق، ہیگ سیٹھ نے ہندوستان کو انڈو-پیسفک خطے میں خطرات سے نمٹنے کے لیے درکار ضروری آلات فراہم کرنے کے لیے امریکی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا:ہندوستان کے ہتھیاروں کے ذخیرے میں کئی امریکی دفاعی مصنوعات کے کامیاب انضمام پر امریکہ بہت خوش ہے۔ انہوں نے مزید کہا:ان پیش رفتوں کی بنیاد پر، ہمیں امید ہے کہ ہم بھارت کو کئی اہم زیر التواء امریکی دفاعی مصنوعات فراہم کر سکیں گے، مشترکہ دفاعی صنعتی تعاون اور مشترکہ پیداوار کی کوششوں کو وسعت دیں گے، اپنی افواج کے درمیان مشترکہ کارروائیوں کو مضبوط بنائیں گے، اور امریکہ-ہندوستان کلیدی دفاعی شراکت داری کے لیے آئندہ 10 سالہ فریم ورک پر باضابطہ طور پر دستخط کریں گے... ہمیں امید ہے کہ ہم یہ جلد ہی کر پائیں گے۔

جے شنکر نے اپنے بیان میں کہا ہمیں یقین ہے کہ ہماری دفاعی شراکت داری آج دراصل ہمارے تعلقات کے سب سے اہم ستونوں میں سے ایک ہے۔ یہ صرف باہمی مفادات پر مبنی نہیں، بلکہ ہماری صلاحیتوں، ذمہ داریوں اور انڈو-پیسفک خطے میں ہماری سرگرمیوں کی وجہ سے بڑھتی شراکت داری اس خطے کے اسٹریٹجک استحکام کے لیے نہایت اہم ہے۔

انہوں نے مزید کہا دنیا ایک پیچیدہ جگہ ہے، اور شاید اس کی پیچیدگیاں بڑھتی جا رہی ہیں، ایسے میں ہماری شراکت داری اور ہم مل کر جو کچھ کر سکتے ہیں، وہ نہ صرف ہمارے لیے بلکہ وسیع تر خطے کے لیے، بلکہ میں یہ کہوں گا کہ دنیا بھر کے لیے بھی نہایت اہم ثابت ہوگا۔ ہیگ سیٹھ نے کہا کہ ٹرمپ حکومت کے آغاز ہی میں صدر (ڈونالڈ) ٹرمپ اور وزیر اعظم (نریندر) مودی نے ہمارے تعلقات کی ایک مضبوط بنیاد رکھی، جسے ہم آج مزید مستحکم کر رہے ہیں، جو بامعنی، عملی اور حقیقت پسندانہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا: آزاد اور کھلے انڈو-پیسفک کے تئیں ہماری مشترکہ وابستگی سے متاثر ہو کر، ہمارے دونوں ممالک کے بڑھتے ہوئے تعاون کی ایک زرخیز تاریخ ہے۔ ڈی او ڈی کے مطابق، ہیگ سیتھ اور جے شنکر نے آئندہ ہندوستان-امریکہ دفاعی اختراعی ماحولیاتی نظام کے سربراہی اجلاس میں شرکت پر بھی بات کی، جس میں دونوں ممالک دفاعی صنعتی تعاون کو مضبوط بنانے، ٹیکنالوجی اور مینوفیکچرنگ میں جدت کو فروغ دینے کے اپنے عزم کو آگے بڑھائیں گے۔ ہیگ سیتھ نے کہا: ہم اپنے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے آپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پُر جوش ہیں۔