ہیگ/ آواز دی وائس
وزیر خارجہ ایس۔ جے شنکر نے پیر کے روز نیدرلینڈز کے وزیر خارجہ کیسپر ویلڈکیمپ سے ملاقات کے دوران 22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کرنے اور دہشت گردی کے خلاف "زیرو ٹالرنس" یعنی "صفر برداشت" کی پالیسی کی حمایت کرنے پر نیدرلینڈز کی تعریف کی۔
جے شنکر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ہیگ میں نیدرلینڈز کے وزیر خارجہ کیسپر ویلڈکیمپ کی گرمجوش میزبانی کے لیے شکریہ۔ پہلگام حملے کی نیدرلینڈز کی جانب سے کی گئی سخت مذمت اور دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کی حمایت قابلِ ستائش ہے۔ ہم نے دو طرفہ شراکت داری کو مزید گہرا کرنے اور یورپی یونین کے ساتھ تعاون بڑھانے پر تفصیلی گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ اس گفتگو میں کثیر قطبی عالمی نظام میں پیدا ہونے والے چیلنجز اور مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ جے شنکر نے نیدرلینڈز کے وزیر دفاع روبن بریکلمینس سے بھی ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری کو فروغ دینے کے امکانات پر بات چیت کی۔
انہوں نے کہا کہ آج ہیگ میں نیدرلینڈز کے وزیر دفاع روبن بریکلمینس سے ملاقات کرکے خوشی ہوئی۔ ہم نے دونوں ممالک کی سیکیورٹی ترجیحات اور چیلنجز پر خیالات کا تبادلہ کیا، اور دو طرفہ دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے ممکنہ فوائد پر گفتگو کی۔ جے شنکر نے نیدرلینڈز میں ہندوستانی کمیونٹی کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی اور ہندوستان-نیدرلینڈز تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کے کردار کو اہم قرار دیا۔
انہوں نے لکھا کہ شام کے وقت نیدرلینڈز میں ہندوستانی کمیونٹی کے نمائندوں سے بات چیت کی۔ ہندوستان اور نیدرلینڈز کے درمیان مضبوط تعلقات کی تعمیر میں کمیونٹی کی شراکت کو سراہتا ہوں۔
جے شنکر پیر کی صبح (ہندوستانی وقت کے مطابق) نیدرلینڈز پہنچے۔ وزارت خارجہ کے مطابق، وہ 19 سے 24 مئی تک نیدرلینڈز، ڈنمارک اور جرمنی کے سرکاری دورے پر ہیں۔ اس دوران وہ تینوں ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے اور دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کے ساتھ ساتھ عالمی و علاقائی معاملات پر بھی گفتگو کریں گے۔
جے شنکر کا جرمنی کا دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب حال ہی میں فریڈرک مرز نے وہاں نئے وفاقی چانسلر کا عہدہ سنبھالا ہے۔ 22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد ان تینوں ممالک نے ہندوستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔ ڈنمارک کی وزیر اعظم میتے فریڈریکسن نے دہشت گردی کی تمام اقسام کی مذمت کرتے ہوئے ہندوستان کی حمایت کی اور متاثرین و ان کے اہل خانہ سے ہمدردی ظاہر کی۔
وزارت خارجہ کے مطابق، ہندوستان اور ڈنمارک کے درمیان تعلقات تاریخی روابط، مشترکہ جمہوری روایات اور علاقائی و عالمی امن و استحکام کی مشترکہ خواہش پر مبنی ہیں۔ موجودہ دو طرفہ تعلقات کو 'گرین اسٹریٹیجک پارٹنرشپ' کے تحت رفتار ملی ہے۔
ہندوستان اور نیدرلینڈز کے تعلقات 75 سال سے زائد پرانے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط سیاسی، اقتصادی اور تجارتی رشتے قائم ہیں۔ اعلیٰ سطحی باہمی دورے اس کثیر الجہتی شراکت داری کو آگے بڑھانے میں مددگار ثابت ہوئے ہیں۔