طالبان حکومت کو تسلیم کرنے میں وقت لگے گا: امریکہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 07-09-2021
 امریکی صدر جو بائیڈن
امریکی صدر جو بائیڈن

 

 

نیویارک: امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ افغانستان میں طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنے میں کافی وقت لگے گا۔

ذرائع کے مطابق ڈیلاویئر میں چھٹیاں گزارنے کے بعد پیر کی شب وائٹ ہاؤس پہنچنے پر صدر جو بائیڈن سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ ’کیا وہ طالبان کی حکومت تسلیم کریں گے؟

جس پرامریکی صدر نے جواب دیا کہ اس میں ابھی بہت وقت لگے گا۔

افغانستان میں امریکی تباہی اور اسرائیلی خواب امریکی صدر کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب طالبان نے پیر (چھ ستمبر) کو افغان صوبے پنج شیر کو فتح کرنے کا دعویٰ کیا تھا، جہاں احمد مسعود کی سربراہی میں این آر ایف نامی محاذ طالبان کے خلاف برسر پیکار تھا۔

افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے گذشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ اب پورا ملک ان کے کنٹرول میں ہے اور وہ جلد ہی نئی حکومت کا اعلان کریں گے، تاہم انہوں نے کوئی تاریخ نہیں بتائی۔

دوسری جانب پنج شیر میں مزاحمتی محاذ کے سربراہ احمد مسعود نے اپنے بیان میں افغان عوام سے پورے افغانستان میں طالبان کے خلاف ملگ گیر ’قومی بغاوت‘ شروع کرنے کو کہا۔

فیس بک پر جاری کیے جانے والے آڈیو پیغام میں احمد مسعود کا کہنا تھا کہ ’آپ جہاں کہیں بھی ہیں، باہر یا اندر، میں آپ سے آزادی، وقار اور ہمارے ملک کی کامیابی کے لیے کہتا ہوں کہ ملک گیر قومی بغاوت کا آغاز کریں۔