دیئر البلح (غزہ پٹی): غزہ کے اسرائیلی محاصرے والے علاقے میں پھنسے فلسطینیوں کے لیے انسانی امداد لے جانے والے ایک بڑے جہاز (فلوٹیلا) کو اسرائیلی فوجیوں نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے اور اس پر سوار ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ اور کئی یورپی ارکانِ پارلیمان کو ملک بدر کرنے کی ’’کارروائی‘‘ کے آغاز کے لیے اسرائیل لے جایا جا رہا ہے۔
اسرائیل کی وزارتِ خارجہ نے یہ اطلاع سوشل میڈیا پر دی۔ اسرائیلی بحریہ کے فوجی غزہ کی ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کر رہے ایک قافلے (فلوٹیلا) کے بیشتر جہازوں پر سوار ہو گئے اور درجنوں کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ اس قافلے کا نام ’’دی گلوبل صمود فلوٹیلا‘‘ ہے، جس میں تقریباً 50 چھوٹے جہاز شامل ہیں، جن پر لگ بھگ 500 افراد سوار تھے۔ یہ قافلہ غزہ کے محاصرے والے علاقے میں پھنسے فلسطینیوں کے لیے انسانی امداد لے جا رہا تھا، جس میں بنیادی طور پر خوراک اور دوائیاں شامل تھیں۔
اسی دوران غزہ پٹی میں اسرائیلی حملوں اور فائرنگ میں کم از کم 57 فلسطینی ہلاک ہو گئے۔ یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب حماس نے تقریباً دو سال سے جاری جنگ کو ختم کرانے کے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی تجویز پر فی الحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ ٹرمپ کی تجویز کے تحت حماس کو تمام 48 یرغمالیوں کو واپس کرنا ہوگا اور درجنوں فلسطینی قیدیوں کی رہائی اور لڑائی ختم کرنے کے بدلے میں اقتدار چھوڑنا اور غیر مسلح ہونا ہوگا۔
اس منصوبے کو اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے قبول کر لیا ہے لیکن اس میں فلسطین کو بطور ملک تسلیم کرنے کا ذکر نہیں کیا گیا۔ فلسطینی عوام چاہتے ہیں کہ جنگ ختم ہو جائے لیکن کئی لوگوں کا ماننا ہے کہ ٹرمپ کا امن منصوبہ اسرائیل کے حق میں ہے۔
حماس کے ایک عہدیدار نے ’’ایسوسی ایٹڈ پریس‘‘ سے کہا کہ تجویز کی کچھ شرائط ناقابلِ قبول ہیں، اگرچہ انہوں نے ان شرائط کی تفصیل نہیں بتائی۔ دو اہم ثالث ممالک قطر اور مصر نے بھی کہا کہ بعض معاملات پر مزید بات چیت کی ضرورت ہے۔ ناصر اسپتال کے مطابق جنوبی غزہ میں اسرائیلی فائرنگ میں کم از کم 29 افراد مارے گئے۔
مقامی حکام نے بتایا کہ ان میں سے 14 افراد اس جگہ پر ہلاک ہوئے جسے اسرائیلی فوجی راہداری کے طور پر جانا جاتا ہے اور جہاں لوگوں کو ضروری سامان دیا جاتا ہے۔ درمیانی شہر دیئر البلح کے الاقصیٰ شہداء اسپتال کے حکام نے کہا کہ اسرائیلی حملوں میں 16 افراد مارے گئے جن کی لاشیں اسپتال لائی گئیں۔
بین الاقوامی تنظیم ’ڈاکٹرز وِدآؤٹ بارڈرز‘ نے بتایا کہ ان کا ایک پیشہ ور معالج دیئر البلح میں بس کا انتظار کرتے وقت ایک حملے میں جاں بحق ہو گیا اور چار دیگر افراد شدید زخمی ہوئے۔ اس عالمی ادارے نے 42 سالہ ڈاکٹر عمر حائق کو ’’انتہائی مہربان اور پیشہ ور معالج‘‘ قرار دیا۔ غزہ شہر کے شفا اسپتال کے صحت حکام نے بتایا کہ پانچ لاشیں اور کئی زخمی اسپتال لائے گئے۔ دیگر اسپتالوں نے اسرائیلی فائرنگ میں سات مزید افراد کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے۔ تاہم اسرائیلی فوج نے اس پر فوری کوئی تبصرہ نہیں کیا۔