اسرائیلی حملے میں غزہ شہر میں صحافیوں کی ہلاکت

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 11-08-2025
اسرائیلی حملے میں غزہ شہر میں صحافیوں کی ہلاکت
اسرائیلی حملے میں غزہ شہر میں صحافیوں کی ہلاکت

 



غزہ: قطر کے بین الاقوامی نشریاتی ادارے الجزیرہ نے کہا ہے کہ اس کے دو نامہ نگار، جن میں ایک معروف صحافی اور تین ویڈیو جرنلسٹس شامل ہیں، اتوار کو غزہ شہر میں اسرائیلی حملے میں ہلاک ہوئے۔یہ حملہ غزہ میں جاری 22 ماہ کی جنگ کے دوران صحافیوں کو نشانہ بنانے کے تازہ واقعات میں سے ایک ہے۔ عالمی میڈیا تنظیموں کے مطابق اس تنازع میں اب تک تقریباً 200 میڈیا کارکن اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔الجزیرہ نے پیر کی صبح بیان میں کہا کہ اس کے صحافی انس الشریف چار ساتھیوں کے ہمراہ اس وقت ایک ٹارگٹڈ اسرائیلی حملے میں ہلاک ہوئے جب غزہ شہر میں صحافیوں کے لیے قائم ایک خیمہ نشانہ بنا۔

28 سالہ انس الشریف اس وقت موقع پر موجود تھے جب اسپتال کے مرکزی گیٹ کے باہر صحافیوں کا خیمہ نشانہ بنایا گیا۔ وہ الجزیرہ عربی کے نمایاں نامہ نگار اور شمالی غزہ سے وسیع پیمانے پر رپورٹنگ کرنے والے صحافی کے طور پر جانے جاتے تھے۔

اس حملے میں ہلاک ہونے والوں میں محمد قریقیہ، کیمرہ آپریٹر ابراہیم ظاہر، محمد نوفل اور مؤمن علویہ بھی شامل ہیں۔اسرائیلی فوج نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس نے انس الشریف کو نشانہ بنایا جو ان کے بقول "صحافی کے روپ میں دہشت گرد" تھے۔ اسرائیل کا کہنا تھا کہ انس الشریف حماس کے ایک دہشت گرد سیل کے سربراہ تھے اور راکٹ حملوں کے ذمہ دار تھے۔انس الشریف غزہ میں زمینی حالات پر روزانہ رپورٹنگ کرنے والے الجزیرہ کے معروف چہروں میں شامل تھے۔ اتوار کو وزیر اعظم بن یامین نتن یاہو کی پریس کانفرنس کے بعد انہوں نے ایکس پر غزہ شہر پر "شدید اور مرکوز اسرائیلی بمباری" کے بارے میں پوسٹس شیئر کی تھیں، جن میں ایک ویڈیو بھی شامل تھی۔

جولائی میں کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس نے ان کی حفاظت کا مطالبہ کیا تھا اور الزام لگایا تھا کہ اسرائیلی فوج کے عربی ترجمان انہیں حماس کا رکن قرار دے کر ان کے خلاف آن لائن حملوں میں اضافہ کر رہے ہیں۔ حملے کے بعد سی پی جے نے کہا کہ وہ صحافیوں کی اموات پر "شدید صدمے" میں ہے۔سی پی جے کی ریجنل ڈائریکٹر سارہ قضاح نے کہا کہ "اسرائیل کا بغیر معتبر ثبوت کے صحافیوں کو جنگجو قرار دینے کا رجحان اس کے ارادوں اور صحافتی آزادی کے احترام پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔ صحافی شہری ہوتے ہیں اور انہیں کبھی بھی نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔ ان اموات کے ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے۔"فلسطینی صحافیوں کی یونین نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے "خونی واردات" قرار دیا۔

اسرائیل اور الجزیرہ کے تعلقات پہلے سے کشیدہ ہیں، اور حالیہ جنگ کے بعد اسرائیلی حکام نے اس چینل پر پابندی عائد کرنے کے ساتھ اس کے دفاتر پر چھاپے بھی مارے ہیں۔ قطر حماس کی سیاسی قیادت کی میزبانی کرتا رہا ہے اور اسرائیل و حماس کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کی اہم جگہ بھی رہا ہے۔غزہ کے محاصرے کے باعث دنیا بھر کے کئی میڈیا ادارے، بشمول اے ایف پی، اس جنگ کی تصویری، ویڈیو اور تحریری کوریج کے لیے فلسطینی صحافیوں پر انحصار کرتے ہیں۔ رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک غزہ میں 200سے زائد صحافی ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں کئی الجزیرہ کے نامہ نگار بھی شامل ہیں۔غزہ میں 20 لاکھ سے زائد فلسطینی شہریوں کی بگڑتی صورتحال پر عالمی تنقید میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں خبردار کر رہی ہیں کہ اس علاقے میں قحط کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔